مزار قائد ہمارے لئے قابل احترام ہے،سینیٹر نہال ہاشمی

مزار قائد ہمارے لئے قابل احترام ہے،سینیٹر نہال ہاشمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و تاریخی ورثہ کی سب کمیٹی کے ارکان سینیٹر نہال ہاشمی، عبدالکریم خواجہ اور سینیٹر اشوک کمار نے کہا ہے کہ مزار قائد ہمارے لئے معتبر اور قابل احترام ہے اس کی خوبصورتی سمیت دیگر اہم معاملات کے لئے 7 ستمبر کو ’’عوامی سماعت‘‘ کا اجلاس منعقد ہو گا جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے، مزار میں سولر سسٹم نصب کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مزار قائد میں منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ ارکان کمیٹی کو مزار کے چیف انجینئر محمد عارف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مزار قائد کو ہر سطح پر اہمیت دیتے ہوئے اس کی حدود کا مکمل انتظام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی تخریب کاری کی کارروائی سے تحفظ کے لئے رینجرز اور پولیس کی بھی مدد لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مزار قائد کی 35 ایکڑ زمین پر خوبصورت اور جدید ترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ہمارے لئے بہت معتبر ہیں اور مزار کے احاطے میں اکابرین پاکستان کے مزارات بھی ہمیں عزیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح کی جدید سہولیات سے آراستہ تفریح گاہ بنائی جائے گی تاکہ قائداعظم کے مزار پر حاضری دینے والوں کو بھی معلوم ہو سکے کہ بابائے قوم سے عقیدت و احترام میں حکومت ہر قسم کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مزار قائد کے تمام اخراجات بردداشت کرتی ہے، اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مزار پر حاضری دینے کے لئے آنے والوں سے کوئی داخلہ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ قبل ازیں ارکان کمیٹی نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ اس موقع پر انہوں نے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر