یو بی ایل نے پاکستان میں ماسٹر پاس کیو آر متعارف کرادیا

یو بی ایل نے پاکستان میں ماسٹر پاس کیو آر متعارف کرادیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اکنامک رپورٹر) پاکستان کے بہترین بینک برائے 2016 ء - یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل)- نے عالمی سطح پر ادائیگیوں کی صنعت میں صفِ اوّل کی ٹیکنالوجی کمپنی ماسٹرکارڈکے ساتھ اشتراک میں ماسٹرپاس کیو آر ڈیجیٹل پیمنٹ سروس متعارف کرائی ہے۔ یہ مُلک کی پہلی باہم مربوط ڈیجیٹل پیمنٹ سروس ہے جس کے ذریعے صارفین اپنا موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرتے ہوئے ایک واحد محفوظ اکاؤنٹ سے in-store ، بلوں (انوائسز) اور ڈلیوری کے لئے ادائیگی کر سکیں گے۔ اُمید کی جارہی ہے کہ اس سروس کی بدولت بڑی تعداد میں موجودہ اور نئے صارفین یو بی ایل کے موبائل بینکنگ ایپس پر ادائیگی کے تیز رفتار، محفوظ اور باسہولت تجربے سے مستفید ہوں گے۔اس سروس کی بدولت صارفین کو چیک آؤٹ کے وقت ادائیگی کے لئے محض scan کرنا ہوتا ہے۔ وہ اپنے یو بی ایل موبائل ایپ کے ذریعے ماسٹرپاس کیو آر سروس تک رسائی حاصل کرکے مرچنٹ کے چیک آؤٹ کاؤنٹر پر ظاہر کیا گیا کیو آر کوڈ scan کرتے ہیں۔ پھر وہ مطلوبہ رقم اور اپنا PIN انٹر کرتے ہیں اور یوں ٹرانزیکشن مکمل ہوجاتی ہے۔ وجاہت حُسین، صدر اور سی ای او، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، نے اس موقع پر کہا، ’’یو بی ایل گزشتہ 57 برسوں سے ایک صفِ اوّل کا مالیاتی ادارہ ہے۔ اس عرصے کے دوران اسے ایک ترقی پسند اور جدّت طراز بینک تسلیم کیا گیا ہے۔ ان دو خصوصیات نے یو بی ایل کو پاکستان کی مالی شمولیت اور معاشی ترقی میں قائدانہ کردار اختیار کرنے کے قابل بنایا ہے۔ ماسٹرپاس کیو آر ڈیجیٹل پیمنٹ سروس کے آغاز نے صارفین کو ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی حل فراہم کرنے میں یو بی ایل کے کردار کو مزید مستحکم کیا ہے۔‘‘ آج کل تاجروں کے الیکٹرانک طریقے سے ادائیگیاں قبول کرنے اور ڈیجیٹل ذرائع کو استعمال کرنے کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، چنانچہ ڈیجیٹل ادائیگی ایک ترقی پسند طریقہ بن گیا ہے۔ ماسٹرپاس کیو آر اس ضرورت کو ایک تیزرفتار، جدّت طراز اور محفوظ طریقہء ادائیگی کے ساتھ پورا کرے گا جس سے خریداروں کو نقد ادائیگی کی ضرورت نہیں رہے گی اور تاجر اپنے صارفین کو مزید سہولت فراہم کرسکیں گے۔ خالد الجبالی، ڈویژن پریزیڈنٹ برائے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقا، ماسٹرکارڈ، نے کہا، ’’ماسٹرکارڈ میں ہم اپنی صنعت کی صفِ اوّل کی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو مسلسل مزید مفید بنانے میں سرگرمِ عمل رہتے ہیں تاکہ ادائیگی کے بہتر سے بہتر طریقے پیش کرسکیں۔ پاکستان میں یہ ہدف ہم ڈیجیٹل پیمنٹ سروس ماسٹرپاس کیو آر کے ذریعے حاصل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ادائیگی کی یہ آسان اور جدید ٹیکنالوجی یو بی ایل صارفین کی انگلیوں پر موجود ہوگی جسے وہ بے حد سراہیں گے۔‘‘