نوجوانوں کے عالمی دن پر یوتھ پارلیمنٹ کے تحت کنونشن

نوجوانوں کے عالمی دن پر یوتھ پارلیمنٹ کے تحت کنونشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) آج کے نوجوان پاکستان میں تنقید کے بجائے ملک کی بہتری کے لیے عملی جدوجہد کررہے ہیں اور ان کا مقصد یہ ہے کہ وہ پاکستان کو ایک بہترین اور ترقی یافتہ ملک بنا سکیں، یوتھ پارلیمنٹ نے نوجوانوں کا جمہوریت کے ساتھ رشتہ مضبوط کیا ہے اور یہی بہت بڑی کامیابی ہے جہاں حکومت کا کام ملک کی خدمت کرنا ہے وہیں نوجوان اور سول سوسائٹی ملک میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار سندھ کے وزیرخوراک و پارلیمانی امور اورسینئر صوبائی وزیرنثار احمد کھوڑو نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پریوتھ پارلیمنٹ کے یوتھ کنونشن سے بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ان کا کہنا تھا ملک میں مسائل موجود ہیں اس کی نشاندہی میں یوتھ پارلیمنٹ نے اپنا کردار ادا کیا ہے ضرورت ہے کہ ہم سب مل کرعملی جدوجہد کریں تاکہ مشکلات کا شکار پسماندہ طبقے کے حالات زندگی بہتر کیے جاسکیں۔اس موقع پر انھوں نے کہ تقریری مقابلے میں شریک نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے اپنی تقاریر میں پاکستانی معاشرے کی خوبیوں او رخامیوں کی نشاندہی کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خامیاں بیان کرنے والے بھی پاکستان سے پیار کرتے ہیں۔تقریب کا انعقاد سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ اور یوتھ پارلیمنٹ کے اشتراک سے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پرکراچی کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔اس موقع پر یوتھ پارلیمنٹ کے چیرمین رضوان جعفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر سال12اگست کو نوجوانوں کا عالمی دن منایاجاتا ہے اور آج کی اس تقریب کواقوام متحدہ نے اپنے دنیا بھر میں ہونے والے پروگراموں میں شامل کیاہے جو کہ نہ صرف یوتھ پارلیمنٹ بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعث فخر ہے، تقریب کے دیگر مہمانوں میں صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود شمیم ممتاز،جمیل یوسف، صارم برنی، سردار نزاکت علی، منگلہ شرما اور قونصلیٹ جنرل انڈونیشنا ہادی سنتوشی شامل تھے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر