جشن یوم آزادی پر معذور افراد کا مزار قائد پر فلیگ مارچ

جشن یوم آزادی پر معذور افراد کا مزار قائد پر فلیگ مارچ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جشن یوم آزادی پر کراچی میں 400 سے زائد معذور افراد نے اپنی سرزمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جشن آزادی کے دن فلیگ مارچ کیا۔ اس موقع پر قومی پرچم سے مزین ٹی شرٹس اور کیپ پہنے معذور افراد کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں جمع ہوئے۔ اس موقع پر فلیگ مارچ کے شرکاء ایم اے جناح روڈ سے گزرتے ہوئے قائد اعظم کے مزار پر پہنچے جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی خوشحالی کے لئے دعا کی۔ اس فلیگ مارچ میں ڈپٹی کمشنر ایسٹ بھی شریک ہوئے۔ فلیگ مارچ کے رنگ برنگے فلوٹ کے ساتھ معذور افراد قومی نغمے گارہے تھے اور ثقافتی رقص کررہے تھے۔ جشن یوم آزادی کے موقع پر معذور افراد کی جانب سے فلیگ مارچ اپنی نوعیت کی پہلی تقریب تھی ۔ اس پروگرام کا انعقاد ادارہ بحالی معذوران (اے آر سی پی) کی جانب سے کیا گیا جو معذور افراد کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشرے کا کارآمد حصہ بنانے کے لئے ایسی تقریبات کا اہتمام کرتی ہے ۔ معذور افراد کو درپیش مسائل اور ان کی مخفی صلاحیتوں کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی غرض سے پی پی اے ایف معلوماتی سیشنز کا اہتمام کرتا ہے ۔ اس کے علاوہ معذور افراد کے لئے طبی کیمپوں کا بھی اہتمام کرتا ہے جن میں خصوصی افراد کو معاون آلات بھی فراہم کئے جاتے ہیں ۔ خصوصی بچوں کے اساتذہ کو تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ خصوصی افراد کی دیکھ بھال کرنے والے افراد کے لئے بھی تربیت کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ پی پی اے ایف ایسے پلیٹ فارمز بھی تعاون کرتا ہے جو مختلف معذوریوں سے دوچار بچوں میں اپنا کام خود کرسکنے کے تصور کو پروان چڑھاتے ہیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر