وزیر اعلٰی کے اعلان کردہ منصوبوں کی تکمیل سے بے شمار مسائل حل ہونگے ، ڈاکٹر امجد علی
پشاور( پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورہ سوات سے ضلع کی ترقی کے عمل میں نمایا پیش رفت حاصل ہوئی ہے اور ان کے اعلان کردہ منصوبوں کی تکمیل سے عوام کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ضلع سوات کی ترقی نہ صرف اس لحاذ سے ضروری ہے کہ یہ علاقہ دہشت گردی اور قدرتی آفات کا شکار رہا بلکہ اس کی ترقی سے شعبہ سیاحت کو فروغ مل سکتا ہے اور صوبے کے معیشت میں نمایا اضافہ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماضی کی حکومتیں صحیح معنوں میں اس علاقے کی ترقی پر توجہ دیتیں تو آج عوام کو اتنے مسائل کا سامنانہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جہاں مالاکنڈ ڈویژن میں پانی و بجلی اور صحت و تعلیم کے دیگر بڑے بڑے منصوبوں کا آغاز کیا ہے وہاں عنقریب ایکسپریس وے کا میگا منصوبہ بھی شروع ہونے والا ہے جس سے اس علاقے میں تجارتی ، معاشی سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گااورعوام کو ملک اور دیگر شہروں تک سفر کرنے میں بھی آسانی ہوگی ۔ موجودہ صوبائی حکومت کے دور اقتدار کے میں حلقہ پی کے ۔82سوات میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ عوام کے مسائل بلاتفریق حل کئے جائیں یہی وجہ ہے کہ آج پی ٹی آئی عوام میں مقبولیت حاصل کر چکی ہے اور دیگر سیاسی جماتوں کے عہدیداران بڑی تعداد میں اس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور وہی لوگ آئندہ اقتدار میں آئیں گے جوحقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہوں۔