چارسدہ ،ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین 6 ماہ تنخواہ سے محروم
چارسدہ (بیورو رپورٹ) رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے ورکر ز ویلفےئر بورڈ کے ملازمین کی تنخواہیں بند ہیں جس کی وجہ سے ملازمین کے بچے فاقوں پر مجبور ہیں۔حکومت ملازمین کے بچوں پر رحم کھا کر فوری طور پر تنخواہیں ادا کریں۔ وہ قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔ مولانا سید گوہر شاہ نے سپیکر کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے اسمبلی فلور پر وہ ورکرز ویلفےئر بورڈز کے ملازمین کو درپیش مسائل اور مشکلات کے ایشو پر بات کر رہے ہیں مگر وفاقی اور صوبائی حکومت اس طرف کوئی توجہ نہیں دیتی ۔ انہوں نے کہاکہ چھ مہینے سے ورکرز ویلفےئر بورڈز کے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں ۔ متاثرہ ملازمین کے گھروں میں رمضان المبارک اور عیدا لفطر کے دنوں میں بھی چولہے بجھے رہے جو ایک المیہ ہے ۔ اب عید الضحیٰ قریب آرہا ہے مگر ملازمین کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ متاثرہ ملازمین کے بچے فاقوں پر مجبور ہیں اور اگر خدانخواستہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونماء ہو ا تو عالمی دنیا میں پاکستان کی جھک ہنسائی ہو گی ۔