میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے بیشتر مسائل حل ہوں گے ،محمود خان

میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے بیشتر مسائل حل ہوں گے ،محمود خان

مٹہ ( نمائندہ پاکستان )خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کھیل، ثقافت ، میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے سوات ایکسپریس وے پراجیکٹ کو سوات موٹر وے میں تبدیل کیا ہے او ر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے پر عنقریب تعمیراتی کام کا افتتاح کریں گے۔ جسے انشاء اﷲ 18مہینو ں کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔یہاں سے جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ میگا پراجیکٹ ملاکنڈ ڈویژن باالعموم اور ضلع سوات میں باالخصوص سیاحت کے فروغ اور ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھاجسے موجودہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے عملی جامہ پہنایا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی صوبے کے دوردراز اور ماضی میں نظرانداز کئے گئے علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور صوبے کے کونے کونے میں میگا پراجیکٹ کو مکمل کئے جا رہے ہیں۔محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا میں دیگر شعبوں کی طرح سیاحت کے شعبے کی ترقی کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کیلئے صوبے میں مواصلاتی نظام کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کی ان صحت افزاء اور پرفضا مقامات سے لطف اندوز ہونے کیلئے رسائی کو یقینی بنائے جائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر