سندھ کے وزیرکھیل کا چیلنج عابد شیرعلی اورطلال چوہدری نے قبول کرلیا
لاہور/ کراچی( صباح نیوز)سندھ کے وزیرکھیل محمد بخش مہر کی جانب سے پنجاب کے وزیروں کی فٹنس کو چیلنج کرنے پر وزیر مملکت عابد شیر علی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری میدان میں آگئے۔ جبکہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ فٹنس کا یہی معیار ہے تو وزیر اعلی سندھ پانچ سو پش اپس لگائیں۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر کھیل محمد بخش مہر کے پچاس پش اپس کا چیلنج عابد شیرعلی اور رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے قبول کرلیا۔ بجلی کے وزیر مملکت نے کچھ روز قبل پش اپس لگائے تھے لیکن چار پانچ سے زیادہ نہیں لگا پائے تھے۔عابد شیر علی کی جم میں ایکسر سائز اور پش اپس کی ویڈیوز سامنے آچکی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پچاس پش اپس کی ویڈیو کب سامنے آتی ہے۔طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ سیاستدانوں کو ذاتی مقابلے زیب نہیں دیتے بلکہ انہیں عوامی خدمت میں مقابلہ کرنا چاہئیے۔ سندھ کے وزیر کھیل یہ دیکھیں کہ نوجوانوں کوکھیلوں کی سہولتیں کہاں پر میسر ہیں، لاہور کی سڑکیں صاف اور کراچی میں کچرا پڑا ہے۔ اصل مقابلہ یہ ہے لیکن میں ان کے پش اپس کا بھی مقابلہ کرنے کو تیار ہوں۔دوسری جانب پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ سیاست میں جسمانی فٹنس سے زیادہ ذہنی فٹنس کی ضرورت ہوتی ہے اگر فٹنس کا یہی معیار ہے تو اس حساب سے وزیراعلی سندھ کو پانچ سو پش اپس لگانا چاہیءں۔رانا ثنااللہ نے سندھ کے وزیر کھیل کو ذہنی طور پر ان فٹ قرار دیا ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا رانا ثنااللہ چیلنج قبول کرنے والے عابد شیر علی کو بھی یہی سمجھتے ہیں۔علاوہ ازیں سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کہا ہے کہ طلال چوہدری خود ہی مقابلے کے لیے میرے پاس تشریف لے آئیں میں ان کا چیلنج قبول کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ پش اپس کا چیلنج صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے دیا تھا۔ سندھ اور پنجاب میں اب پش اپس کی سیاست شروع ہوگئی ہے دیکھتے ہیں کب تک چلتی ہے
#/S