ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ سمیت 14 ملزمان کی ضمانت منظور

ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ سمیت 14 ملزمان کی ضمانت منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے مبینہ جعلی ڈگری اسکینڈل میں گرفتار ایگزٹ کے سی ای او شعیب شیخ سمیت 14 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی ہے۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں ایگزٹ جعلی کیس اسکینڈل میں گرفتارملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر ملزمان کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے کہ ملزمان 15 ماہ سے جیل میں ہیں مقدمہ کی سماعت اور تفتیش میں پراسیکیوشن اور ایف آئی اے نے تاخیری حربے استعمال کئے کسی ایک جعلی ڈگری کی کاپی بھی استغاثہ عدالت میں پیش نہ کرسکی .اس دوران 90 گواہان کو پیش کیا گیا جبکہ 38 کے قریب مشیر نامے بنے لیکن کوئی کیس نہیں چلاگیا جبکہ اس دوران ایک بھی شکایت کنندہ عدالت میں پیش نہ ہوا۔ ملزمان کسی دہشتگردی ، خطرناک جرائم یا عادی مجرم بھی نہیں ہیں۔ لہٰذا ان کی ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے ایگزٹ کے سی ای او سمیت 14 افراد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 5 ،5 لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔جن افراد کی درخواست ضمانت منظور ہوئیں ان میں شعیب شیخ ،وقاص،ذیشان ،صابر، رضوان، عدنان، ذیشان انور اور دیگر شامل ہیں ۔دوسری جانب جیل انتظامیہ نے کہاکہ ملزمان نے 15 ماہ کے دوران عملے سمیت تمام افراد سے اچھا سلوک کیا۔یاد رہے کہ 30مئی 2015 میں ایف آئی اے سائبر ونگ کرائم نے آن لائن جعلی ڈگری بیچنے کے الزام میں کراچی میں قائم ایگزٹ کے دفتر پر چھاپا مارتے ہوئے تمام دفتری ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا تھا ۔