پاکستان رومانیہ کیساتھ تعلقات کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے،ایازصادق

پاکستان رومانیہ کیساتھ تعلقات کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے،ایازصادق

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان میں تعینات رومانیہ کے سبکدوش ہونے والے سفیر ایمیلی ایون نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں سبکدوش ہونے والے سفیر کی پاک رومانیہ تعلقات میں بہتری کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان میں بطو ر سفیر انکے قیام کے دوران پاک رومانیہ تعلقات میں نئی جہتوں کا آغاز ہوا ہے۔رومانیہ کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت خطے سمیت عالمی سطح پر تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دیتے ہوئے یورپی یونین تک روابط بڑھانے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے مزید استحکام کے لئے پارلیمانی و عوامی سطح پر روابط کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے رومانیہ کی تجارتی برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب بھی دی۔رومانیہ میں پاکستانی پارلیمانی وفد کی مہمان نوازی پرشکریہ ادا کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات خیر سگالی پر مشتمل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے سنجیدگی سے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس میں خصوصی سیکرٹریٹ قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان اہداف کے حصول کے لئے پاکستان رومانیہ کے ساتھ دیرپا اشتراک کا خواہش مند ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلیم، دفاع،پٹرولیم، سیاحت سمیت وسیع شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پرزور دیا۔رومانیہ کے سفیرایمیلی ایون نے سپیکر قومی اسمبلی کے کلمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ان کا قیام انتہائی خوشگوار رہا ۔ انہو ں نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی شہریوں کو پر امن، جرات مند اور دوستانہ پایا ہے۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے پاکستان اور رومانیہ کے مابین پارلیمانی و تجارتی تعلقات میں اضافے کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردارکو بھی سراہا۔

مزید : کراچی صفحہ اول