افواج پاکستان کیخلاف متنازعہ تقریر ،الیکشن کمیشن نے محمود اچکزئی کو یکم ستمبر کو طلب کر لیا

افواج پاکستان کیخلاف متنازعہ تقریر ،الیکشن کمیشن نے محمود اچکزئی کو یکم ...

اسلام آباد(آن لائن)افواج پاکستان کے خلاف متنازعہ تقریر کرنے پر الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی محمود اچکزئی کویکم ستمبر کوطلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزالیکشن کمیشن آف پاکستان میں سربراہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے خلاف سابق صدارتی امیدواروحیدکمال کی جانب سے دی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ محموداچکزئی نے افواج پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔آرٹیکل19کے تحت افواج پرکوئی الزام تراشی نہیں کی جاسکتی جبکہ اچکزئی نے قومی اسمبلی میں یہ کوشش کی۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ قبل ازیں محمود اچکزئی نے خیبر پختونخواکو افغانستان کا صوبہ قرار دیا تھا جو کہ خلاف آئین ہے۔لہٰذا محمود اچکزئی کوآرٹیکل 63کے تحت نااہل کیا جائے۔درخواست کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ کو یکم ستمبر کو طلب کرکے سماعت ملتوی کردی گئی جبکہ ان کی طلبی کے نوٹس بھی جاری کردیئے گئے۔خیال رہے کہ محمود اچکزئی نے سول ہسپتال کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکوں پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کو کلین چٹ دیتے ہوئے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران سارا ملبہ پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں پر ڈال دیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ آئی ایس آئی کے افسران کو برطرف کیا جائے۔

مزید : کراچی صفحہ اول