پی آئی اے کی پریمئیر سروس کا پہلا جہاز 3 سو مسافروں کو لیکرہیتھرو ائیرپورٹ پر پہنچ گیا، پاکستانی ہائی کمشنر کا مسافروں کا استقبال
لندن(عرفان الحق) پاکستان انٹرنینشل ائیر لائن(پی آئی اے ) کی پریمئیر سروس کا پہلا جہاز تین سو مسافروں کو لیکر لندن ہیتھرو ائیرپورٹ پر پہنچ گیا۔ لندن میں پاکستانی ھائی کمشنر سید ابن عباس،ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر اسرار حسین ، جرنل منیجر پی آئی اے عاصم بابر اور سٹیشن منیجر ساجد اللہ خان نے ہیتھرو ایرپورٹ پر پرمیئر سروس سے آنے والے مسافروں کا استقبال کیا۔
لندن کے ہتھیرو ائیرپورٹ پر پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے پریمئیر سروس میں آنے والے مسافروں کو خوش آمدید کہا اور ان سے نئی سروس کے بارے میں رائے حاصل کی۔ پی آئی آئے کی پریمئیر سروس میں سفر کرکے لندن پہنچنے والے مسافروں نے حکومت کی طرف سے نئی سروس شروع کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ امید ہے پی آئی اے اپنی سروس کو مزید بہتر بنائے گی اور جلد اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گی۔
روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے دن پریمئیر سروس کا اجرا خوش آئند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر مسافر سے فرداً فرداً ملے ہیں۔ پی آئی اے کی پریمئیر سروسز سے مسافروں کی خوشی دیدنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔