11دہشتگردوں کی سزائے موت، آرمی چیف نے توثیق کردی
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سیکیورٹی فورسز پر حملوں ،افسروں اور اہلکاروں کی شہادت میں ملوث 11دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے،ان دہشتگردوں کو فوجی عدالتوں نے سزا ئیں سنائیں تھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق امن کے مزید 11دشمن اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے ان دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ سزا پانے والوں میں عمر زاہد، لطیف الرحمان ،عبدالمجید،قیصر خان، حضرت علی اور دیگر شامل ہیں جو بلوچستان پولیس کے ڈی آئی جی فیاض سنبل، اے ایس آئی رضا خان، کوئٹہ میں آئی ایس آئی کے انسپکٹر کامران نیازی، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں اور پاک فوج کے میجر عابد مجید کے قتل میں ملوث تھے۔تمام مجرم فرقہ ورانہ دہشت گردی ، اغوا اور دیگرسنگین جرائم بھی کرتے رہے جبکہ سکولوں، مواصلاتی تنصیبات اور عام شہریوں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔ ان تمام دہشتگردوں کو فوجی عدالتوں نے سزائیں سنائی تھیں۔