کمانڈر سدرن کمانڈ کی کشش ثقل پر تحقیق کرنے والے نوجوان عمران خان سے ملاقات، ماتھا چوم لیا

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے اٹلی میں سائنسی تحقیق سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے نوجوان عمران خان کو انعامات اور اعزازی شیلڈ سے نواز ا ہے جبکہ انہوں نے نوجوان سائنسدان کا ماتھا بھی چوما۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق عمران خان نامی نوجوان نے اٹلی میں کشش ثقل کے حوالے سے ہونے والی تحقیق میں غیر معمولی کردار ادا کیا جس پر پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔ نوجوان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے اس سے ملاقات کی ، اس موقع پر نوجوان کے والدین بھی موجود تھے۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے ریسرچر عمران خان کا ماتھا چوما اور کہا کہ آپ جیسے نوجوان ملک کا فخر اور اثاثہ ہیں۔ انہوں نے ریسرچر عمران خان کو اعزازی شیلڈ اور انعامات سے بھی نوازا۔ واضح رہے کہ عمران خان کے والد پاک فوج کے ریٹائرڈ حوالدار ہیں۔