بیرون ملک مقیم پاکستانی متحد ہوکر رہنے کی مثال ہیں: خالد محمود سرگانہ

بیرون ملک مقیم پاکستانی متحد ہوکر رہنے کی مثال ہیں: خالد محمود سرگانہ
بیرون ملک مقیم پاکستانی متحد ہوکر رہنے کی مثال ہیں: خالد محمود سرگانہ

  

دبئی (طاہر منیر طاہر)جھنگ کے حلقہ 79سے تیسری بار کامیاب ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی خالد محمود سرگانہ جن کا تعلق پی ایم ایل این سے ہے ان کے اعزاز میں انہی کے حلقہ سے تعلق رکھنے والے پی پی پی یو اے ای کے فعال کارکن چودھری راشد علی بریار نے عجمان میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے عہدیداران نے شرکت کی۔

عشائیہ میں خواجہ عبدالوحید پال، محمد غوث قادری، امداد حیدر شاہ، چودھری ظفر اقبال، حاجی محمد نواز، سید سجاد حسین شاہ، مظفر باجوہ، راجہ غلام قادر، الیاس سیال، ناصر خان بلوچ، چودھریر اشد فاروق، چودھری عظمت علی، چودھری راشد ستار، چودھری ساجد ستار، تنویر سرگانہ اور مظاہر عادل کے علاوہ ان کے حلقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چودھری راشد علی بریار نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمان خصوصی خالد محمود سرگانہ ایم پی اے کو خوش آمدید کہا۔ چودھری راشد علی بریار نے کہا کہ گو میرا تعلق پی پی پی سے ہے اور ہمارے ایم پی اے خالد سرگانہ کا تعلق پی ایم ایل این سے ہے لیکن اپنے حلقہ انتخاب میں عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے ہم انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا تیسری بار ایم پی اے منتخب ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ اہل علاقہ ان کی خدمت کا اعتراف کرتے ہیں۔ا س موقع پر مہمان خصوصی خالد سرگانہ نے جواباً تقریر کرتے ہوئے اپنے میزبان دوست چودھری راشد علی بریار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سیاسی تعلق ایک طرف لیکن پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لئے ہم سب کو یکجا ہوکر کام کرنا چاہیے۔

خالد سرگانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان واقعی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عشائیہ کی اس تقریب میں وہ یہ دیکھ کر خوش ہیں کہ یہاں بلا تفریق مختلف سیاسی پارٹیوں اور شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود ہیں اگر ایسے ہی اتحاد اور اتفاق سے ہم سب مل جل کر چلیں تو پاکستان کے لئے تقی اور استحکام کے دروازے مزید کھلیں گے۔ عشائیہ کی تقریب سے خواجہ عبدالوحید پال، چودھری ظفر اقبال، سید سجاد حسین شاہ اور حاجی محمد نواز نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں میزبان چودھری راشد علی بریار نے آنے والے تمام مہمانوں کا دل سے شکریہ ادا کیا جبکہ مہمانوں کی تواضع پرتکلف ڈنر سے کی گئی۔

مزید : عرب دنیا