انصاف کی فراہمی کے لئے چیف جسٹس کے اقدامات پر امریکہ خوش ،5ججوں کی بیرون ملک تربیت میں تعاون کرے گا

انصاف کی فراہمی کے لئے چیف جسٹس کے اقدامات پر امریکہ خوش ،5ججوں کی بیرون ملک ...
انصاف کی فراہمی کے لئے چیف جسٹس کے اقدامات پر امریکہ خوش ،5ججوں کی بیرون ملک تربیت میں تعاون کرے گا

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ سے قائم مقام امریکی قونصلیٹ جنرل ڈیبورا رابنسن اور پولیٹیکل چیف رابرٹ نیو سم نے ملاقات کی، اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کی مسز جسٹس ارم سجاد گل اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی عظمیٰ اختر چغتائی بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں جوڈیشل افسران کی بیرون ملک ٹریننگ ، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں ٹریننگ کے لئے بیرون ممالک سے ماہرین کی دستیابی اور اکیڈمی میں تربیتی کورسز کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، امریکی قونصلیٹ جنرل نے چیف جسٹس کی جانب سے جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پرخوشی کا اظہار کیا اورانہیںسراہا ۔قونصلیٹ جنرل نے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ چیف جسٹس نے وفد کو بتایا کہ عدالت عالیہ کا بین الاقوامی نوعیت کا کیس مینجمنٹ سسٹم بھی آئندہ ماہ کام شروع کر دے گا۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بروقت انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے ضلعی عدالتوں کو فعال کیا جارہا ہے اوراے ڈی آر سنٹرز بھی بنائے جارہے ہیں۔مزید برآں امریکی قونصل کے تعاون سے 5جوڈیشل افسران کو کیس مینجمنٹ کی ٹریننگ کے حوالے سے چیک سلوواکیہ کے شہر پراگ میں بھیجا جارہا ہے۔

مزید : لاہور