فلسطینی شہداء کے خاندانوں کے عازمینِ حج کے لیے خصوصی پروازوں کا اہتمام
ریاض(این این آئی)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی جانب سے حج اور عمرے کے پروگرام کے تحت رواں سال فلسطینی شہداء کے اہلِ خانہ کو فریضہ حج ادا کروانے کے سلسلے میں سعودی فضائی کمپنی کے طیاروں کی خصوصی پروازوں کا انتظام کیا گیا ہے جو ان مہمانوں کو اردن اور مصر سے لے کر آئیں گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس بات کا اعلان خادم حرمین شریفین حج و عمرہ پروگرام کے نائب سربراہ زید بن علی الدکان اور دیگر متعلقہ سعودی عہدے داروں کی فلسطینی وفد کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا گیا۔
فلسطینی وفد میں فلسطینی اوقاف کے وزیر یوسف ادعیس ، مغربی کنارے میں شہداء کے اہل خانہ کے امور کی سوسائٹی کے ذمے دار خالد جبارین اور قاہرہ میں فسلطینی ریاست کے سفارت خانے کے قونصل جنرل شامل تھے۔مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والی ملاقات میں فریقین کے درمیان اللہ کے مہمانوں کی میزبانی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر آغاز میں خادم حرمین شریفین کے حج و عمرہ پروگرام کے متعلق خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت آنے والے عازمین حج کو کس درجے کی اعلی سہولیات اور خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ ان میں مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور دیگر مقامات مقدسہ میں بہترین درجے کے طعام اور قیام کا انتظام اور مکمل ٹرانسپورٹ شامل ہے۔ سعودی فرماں روا کی خاص ہدایات ہوتی ہیں کہ اس پروگرام کے مہمانوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ان کو ہر سہولت پہنچائی جائے۔دوسری جانب فلسطینی وزیر برائے اوقاف نے باور کرایا کہ شاہی اکرام نوازی اس بات کا ثبوت ہے کہ مملکت سعودی عرب اہل فلسطین پر کتنی زیادہ توجہ دیتی ہے اور ان کی خصوصی دیکھ بھال کے لیے بھی کوشاں رہتی ہے۔