پابندیاں، چین نے شمالی کوریا سے لوہے کی درآمد روک دی

پابندیاں، چین نے شمالی کوریا سے لوہے کی درآمد روک دی

  



بیجنگ(این این آئی)چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ شمالی کوریا سے لوہے، کوئلے اور مچھلیوں کی درآمد بند کر رہا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامی کونسل کی جانب شمالی کوریا کے خلاف عائد کی جانے والی تازہ پابندیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔چینی وزارت تجارت کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ شمالی کوریا سے کوئلے، لوہے، خام لوہے، سیسے اور مچھلیوں کی درآمد روک دی گئی ہے۔

منگل کے روز اس بیان میں کہا گیا ہیکہ شمالی کوریا سے مذکورہ اشیاء کی درآمد پر اب ’مکمل پابندی‘ عائد کر دی گئی ہے۔بیجنگ حکومت نے اس سے قبل اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی جانب سے اپنے ہم سائے پر عائد کی جانے والی بین الاقوامی پابندیوں کی قرارداد کی مکمل پاس داری کرے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل بیجنگ حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ چین شمالی کوریا کا اہم اتحادی اور تجارتی پارٹنر ہے اور پیونگ یانگ حکومت پر اْس کے جوہری پروگرام کو ترک کرنے کے لیے کافی دباؤ نہیں ڈال رہا۔چینی وزیر خارجہ وانگ ڑی نے اس کے جواب میں کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا پر عائد کی جانے والی پابندیوں پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ ان پابندیوں پر یقینی طور پر سو فیصد عمل درآمد کیا جائے گا۔

مزید : عالمی منظر