وزارت منصوبہ بندی کے زیر اہتمام پاکستان ڈیویلپمنٹ سمٹ اور ایکسپوکل ہوگی

وزارت منصوبہ بندی کے زیر اہتمام پاکستان ڈیویلپمنٹ سمٹ اور ایکسپوکل ہوگی

  



اسلام آباد (اے پی پی) سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات شعیب احمد صدیقی نے کہاہے کہ وزارت منصوبہ بندی پاکستان کی 70 ویں جشن آزادی کو بھو پور طریقے سے منانے کے سلسلہ میں (کل) 17اگست کو پاکستان ڈیویلپمنٹ سمٹ اور ایکسپو کا انعقاد کرے گی جس میں تمام شراکت داروں کو مدعو کیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی خبر رساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ شعیب احمد صدیقی نے کہاہے کہ70 سالہ جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا جارہاہے ، کانفرنس کے موقع پر وژن 2025کی تیسری سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس میں 5سالہ منصوبہ اکنامک ماڈل اور برانڈ پاکستان کے موضوع پر تفصیلی بحث ہو گی، وژن 2025 پر بھی تبادلہ خیال کیاجائے گا، جس کے نتیجے میں پاکستان 2025ء تک صف اول کی 25 معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس میں اکیڈیمیا، میڈیا ، صوبائی اور وفاقی حکومتوں اور صنعت کے شعبے سے متعلق شراکت دار شرکت کریں گے، اس کانفرنس کا مقصد ملک میں ترقیاتی عمل کے حوالے سے مذاکرات کا انعقاد اور تبادلہ خیال کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اجلاس کے موقع پر شرکاء کو پاکستان کی کامیابیوں اور سوشو اکنامک کی شرح نمو سے آگاہ کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ کانفرنس میں شرکت کے لئے مختلف یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات، یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز ، ماس کمیونیکیشن، سوشل سائنسز کے شعبوں کے سربراہان، پبلک سیکٹر، پیمرا، پریس کونسل آف پاکستان ، پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن، صنعت کاروں، ایڈورٹائزنگ ایجنسیز، مشہور اینکرز اور میڈیا چینلز کے منتظمین کو بھی دعوت دی گئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اس کانفرنس میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور شرکاء تجاویز دیں گے کہ ان ستر سالوں میں ہم کس طرح ترقی کی ،اور ترقی کی نئی راہوں کو کس تلاش کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ملک کی ترقی کی کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے اور اس پر تیزی سے عمل کیا جا رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ نئے وزیر اعظم نے بھی ترقیاتی منصوبے کو سراہاہے اور اس پر تیزی عملدرآمد کرنے میں دلچسپی ظاہرکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ڈویلپمنٹ ایکسپو میں 1947ء سے لے کر اب تک ہر ایک عشرے کے اہم ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کیاجائے گا۔ ایکسپو میں وزارت پانی و بجلی ، وزارت پٹرولیم، وزارت پورٹس وشپنگ ، وزارت صنعت وپیداوار کو بھی مدعو کیاگیا ہے۔واضح رہے کہ یہ وزارت کے زیر اہتمام یہ ایک روزہ سمٹ اور دو روزہ ایکسپو پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر اسلام آباد میں 17 اگست کو منعقد کی جائے گی ۔

مزید : کامرس


loading...