وفاقی دارالحکومت میں جشن آزادی، پرچم کشائی، مرکزی تقریر کنونشن سنٹر میں

وفاقی دارالحکومت میں جشن آزادی، پرچم کشائی، مرکزی تقریر کنونشن سنٹر میں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ،جڑواں شہر راولپنڈی اور گردونواح کے علاقوں میں 70 واںیوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا،قومی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب خراب موسم کے باعث کنونشن سنٹر میں منعقد ہوئی،تقریب میں صدر ممنون حسین ‘ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘چینی نائب وزیراعظم وانگ یانگ‘ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی‘ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق‘ اعلیٰ عسکری قیادت ‘ وفاقی وزراء ‘ اراکین پارلیمنٹ اور دیگر نمایاں سیاسی شخصیات نے شرکت کی، بڑی تعداد میں سکولوں کے بچے بھی شریک تھے اور تقریب کے دوران وطن سے بھرپور محبت کے اظہار کے لئے جھنڈیاں لہراتے رہے۔ وائلن پر پاک چین دوستی کی دھنیں بجائی گئیں اور دونوں ممالک کے ملکی نغموں کی دھنوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔ ان ملی نغموں کے دوران عقب میں سکرینوں پر پاک چین ثقافت کے رنگ بھی بکھیر دیئے گئے۔ محبت اور دوستی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ صدر ممنون حسین نے پرچم کشائی کی۔
یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یادگارِ جمہوریت پر پھول چڑھائے، اس موقع پرچیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کا کہنا تھا کہ آئین کے تحفظ اور پاسداری کے لیے قوم کو متحد ہونا پڑے گا، پارلیمان عوامی امنگوں کی ترجمان ہے اور جمہوریت کے استحکام میں پارلیمان کا کلیدی کردار ہے،آج تجدید عہدکا دن ہے اور وفاق کو مضبوط بناکر ملک کو عظیم بنانا ہے، ہمیں اس عہد کی تجدید بھی کرنا ہوگی کہ آئینی اداروں کو ان کے صحیح حقوق دیئے جائیں اور تصادم کا راستہ اختیار کیے بغیر ملک کو ترقی اور خوشحالی پر گامزن کرنا ہوگا،پاک فضائیہ نے یوم آزادی کے موقع پر ایف نائن پارک میں پروقارتقریب منعقد کی ،تقریب میں صدر ممنون حسین ،سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل سہیل امان ،سفارتکاروں ،اعلی عسکری وسول حکام نے شرکت کی،پاک فضائیہ کے طیاروں نے اس موقع پر ائیر شوکاشاندار مظاہرہ پیش کیا،ترکی اور سعودی فضائیہ نے بھی اس شومیں حصہ لیا فضائی مظاہرہ دیکھنے کیلئے عوام کی بڑی تعداد نے ایف نائن پارک کا رخ کیا۔
میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے کے زیر اہتمام ملک کے 70ویںیوم آزادی کے موقع پر13اور 14اگست کی درمیانی شب رات 12بجے پریڈ گراؤنڈ (شکر پڑیاں) میںآتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ، آتش بازی 30منٹ تک جاری رہی اور دلفریب رنگوں سے آسمان جگمگا اٹھا جس کو حا ضرین کی بڑی تعداد نے بے حد سراہا، آتش بازی کے اختتام پر پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا اور پریڈ گراؤنڈ میں موجود ہزاروں لوگوں نے کھڑے ہو کر پاکستان کے قومی پرچم کو سلام پیش کیا، آتش بازی دیکھنے کیلئے جڑواں شہروں کے علاوہ گردونواح سے آئے ہو ئے لوگوں کی بڑی تعداد پریڈ گراونڈ موجود تھی ، مئیر اسلام آبادشیخ انصرعزیز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آزاری کا جشن منانا زندہ قوموں کی روایت اور وطن عزیز سے والہانہ محبت کے اظہار کا عکس ہے اسلام آباد کے شہریوں کو ملک کے جشن آزادی کی خوشیوں میں براہ راست شریک کرنے کے لئے مختلف پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں جو شہر مختلف کے علا قوں میں انعقاد پزیر، یوم آزادی کے موقع پر راولپنڈی ڈویژن میں پرچم کشائی کی خصوصی نمائندہ تقریب کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں قائم مقام کمشنر راولپنڈی ڈویژن طلعت محمود گوندل نے سی پی او اسرار احمد عباسی ،رکن قومی ا سمبلی ملک ابرار احمد،مئیر میٹروپولٹین کارپوریشن راولپنڈی سردار محمد نسیم خان اراکین پنجاب اسمبلی زیب النساء اعوان،لبنی ریحان،چےئرمین واسا ضیاء اللہ شاہ، اے ڈی سی آر عارف رحیم ، اے سی سٹی ملیحہ جمال،ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس مس سنجیدہ خانم اور مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان کے ہمراہ شرکت کی۔سکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے اور کیک کاٹاگیا،پاکستان آرمی میوزیم 14 اگست کو روز عوام کے لئے کھلا رہا ، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے بڑی تعداد آرمی میوزیم دیکھنے آئی لوگوں نے میوزیم کی مختلف گیلریاں دیکھیں ۔ شہداء کارنر ، نشان حیدر ، کشمیر اور پاک بھارت جنگ کی گیلریاں لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں ۔ یو این امن مشن میں پاک فوج کے کردار پر بھی لوگوں نے گیلریاں انتہائی توجہ سے دیکھیں ۔
13اگست کی رات عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف نے راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں جلسہ کاانعقاد کیا شدید بارش کے باوجود جلسہ میں لوگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی،شیخ رشیداحمد ہر سال لال حویلی کے باہر جلسہ اورآتش بازی کا اہتمام کرتے تھے مگراس بار تحریک انصاف کا ساتھ ہونے کیوجہ سے لیاقت باغ کاانتخاب کیاگیا،جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشیداحمد اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ودیگر قائدین نے سابق وزیراعظم محمدنوازشریف کو خوب تنقید کانشانہ بنایا ساتھ ہی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دوٹوک اعلان کیا کہ آج سازش چل رہی کہ آئین سے 63, 62 نکا ل دیا جائے،جس وقت یہ کوشش ہوئی تو میں اور لاکھوں لوگ باہر نکلیں گے ،اس وقت پاکستان میں صرف دو طبقے نواز شریف کے ساتھ ہیں جن کے مفادات کرپٹ نظام کے ساتھ ہیں ،جن لوگوں کو نواز شریف سے معاشی فائدہ ہو رہا ہے وہ اس کے ساتھ ہیں نواز شریف نے کہا کہ عوام نے مجھے مینڈیٹ دیا ، نواز شریف سے پوچھتا ہوں جب آپ ووٹ مانگنے آئے تھے تو کہیں آپ نے کہا تھا کہ منی لانڈرنگ کروں گا ، آپ نے تو تب کہا کہ ایشیئن ٹائیگر بنا دوں گا، انکشاف بین الاقوامی طور پر ہوا اور آپ اسے سازش کہ رہے ہیں ۔ سارا ڈرامہ نیب اور سپریم کورٹ کو دباؤ میں لانے کے لئے ہو رہا ہے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -