ڈینگی کے بعد کا نگو وائرس کا خطرہ ، ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

ڈینگی کے بعد کا نگو وائرس کا خطرہ ، ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

  



 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی ہے کہ انسداد ڈینگی کے اقدامات کی موثر مانیٹرنگ کے لئے تمام اضلاع کے اینٹامالوجسٹ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے ہر ہفتہ منعقد کیا جائے تاکہ صوبائی سطح پر صورتحال سے باخبر رہا جاسکے۔انہوں نے ہدایت سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فرخ سلطان نے بتایا کہ ڈینگی کے حوالے سے صورتحال غیر معمولی نہیں اورصوبہ میں اب تک 2017کے دوران ڈینگی کے 46کنفرم کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ ویڈیولنک کے ذریعے دیگر ڈسٹرکٹ کے افسران نے اپنے اپنے ضلع میں انسداد ڈینگی کے اقدامات بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے پیش نظر بڑے پیمانے پر قربانی کے جانوں کی نقل و حمل کے حوالے سے چیچڑ کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماریوں کانگو وائرس کی روک تھام کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلہ میں محکمہ لائیوسٹاک کو قربانی کے جانوروں کا معائنہ کرنے ، ویکسینیشن اور جانوروں کے بیوپاریوں و مویشی منڈیوں میں آگاہی کے لئے بینرز آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کانگو کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں بصورت ضرورت مریضوں کے علاج کے انتظامات بھی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...