’’صحت کا ہفتہ ‘‘مہم ،تحصیل ہسپتالوں، بنیادی مراکزہیلتھ میں کیمپ قائم

’’صحت کا ہفتہ ‘‘مہم ،تحصیل ہسپتالوں، بنیادی مراکزہیلتھ میں کیمپ قائم

  



لاہور(جنرل رپورٹر) ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت میں "صحت کا ہفتہ" کی مہم کا باقاعدہ طور پر آغاز کر دیا ہے ۔ اس ضمن میں خصوصی طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں ، چار دیہی مراکز صحت اور سات بنیادی مراکزصحت پر کیمپس کا انعقاد کر دیا ہے۔ان کیمپس پر آنے والے افراد کی رجسٹریشن کی جارہی ہے اور رجسٹریشن کروانے والے شہریوں کی بلڈ پریشر، شو گر، ہیپاٹائٹس، ٹی بی اور دیگر بیماریوں کے سکریننگ ٹیسٹ کیے جائیں گے جبکہ بچوں کو او آر ایس اور دیگر حفاظتی قطرے بھی پلائے جائیں گے۔"صحت ہفتہ" کی مہم پورا ہفتہ جاری رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے بتایا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال رائے ونڈ، شاہدرہ ہسپتال، سمن آباد ہسپتال ، رورل ہیلتھ سنٹر مانگا منڈی، آر ایچ سی چوہنگ اور آر ایچ سی برکی، بنیادی مراکزصحت ہڈیارہ،لڈھر، ڈوگراں کلاں، علی رضا آباد، کچا ،شہزادہ اور شامکے بھٹیاں میں کیمپس لگائے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے آج صبح اسسٹنٹ کمشنرز اورڈی ڈی او ہیلتھ صاحبان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کیمپس کا دورہ کریں اور اس کی مانیٹرنگ کر کے روزانہ کی رپورٹ ڈی سی آفس میں جمع کروائیں جبکہ انہوں نے شہریوں سے التماس کی کہ وہ "صحت ہفتہ" مہم کا بھر پور فائدہ اُٹھائیں اور اپنے ٹیسٹ کروائیں۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر سٹی، اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ اور اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے میاں میر، سمن آباد اور رائے ونڈ ہسپتالز میں لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا اور شہریوں کی رجسٹریشن کے عمل اور بیماریوں کی سکریننگ کے عمل کا جائزہ لیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1