نئی نسل کی محنت کے بغیر آزادی کے مقاصد حاصل نہیں ہو سکتے،ذکر اللہ مجاہد
لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ نئی نسل کے ملکی ترقی میں کردار ادا کئے بغیر آزادی کے مقاصد حاصل نہیں ہو سکتے اس لیے نوجوان نسل کو ملکی استحکام اور تعمیرو ترقی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل 109 منصورہ میں جے آئی یوتھ لاہور کے ورکرکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن میں جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نویدملک ، یونین کونسل 109کے ا میر محمد شفیق ملک ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف ،علی ڈوگر و دیگر نے شرکت کی۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ اسلامی اور خوشحال پاکستان کیلئے نوجوانوں کو ذات پات اور مفاد سے بالا تر ہو کر ملک و قوم کی خدمت کرنا ہو گی ۔بدقسمتی سے ہمارے اوپر 70سال سے مسلط حکمرانوں نے اپنے مفادات حاصل کیے جس کا اندازہ اس بات سے لگا یا جا سکتا ہے کہ کلمہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک میں آج تک شریعت محمدی ﷺ کا نفاذ نہیں کیا جا سکا۔ظلم و ناانصافی اور طبقاتی تقریق کے کلچر کو ختم کیے بغیر عدل و انصاف کی فراہمی ممکن نہیں ہو سکتی ۔