ٹیسٹ رینکنگ ، پاکستانی چھٹے اور اظہر علی ساتویں نمبر پر آگئے

ٹیسٹ رینکنگ ، پاکستانی چھٹے اور اظہر علی ساتویں نمبر پر آگئے

  



دبئی (نیٹ نیوز)کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی نمایاں ترقی حاصل نہیں کرسکا۔آئی سی سی کی جاری کردہ نئی درجہ بندی کے مطابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، جبکہ دوسرے نمبر پر انگلش بیٹسمین جو روٹ اور تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن موجود ہیں۔ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست 20 بلے بازوں میں پاکستان کے واحد کھلاڑی اظہر علی ہیں جو ایک درجے ترقی حاصل کر کے ساتویں (7) نمبر پر موجود ہیں۔باؤلنگ کے شعبے میں رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور بھارت کے رویندرا جدیجہ پہلے، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسرے اور بھارت ہی کے روی چندرن ایشون تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔بیٹنگ کے شعبے کی طرح باؤلنگ میں بھی کوئی پاکستانی باؤلر نمایاں ترقی حاصل نہیں کرسکا تاہم کرکٹ کے میدانوں سے دور لیگ سپنر یاسر شاہ ٹاپ 20 باؤلروں میں چودھویں نمبر پر موجود ہیں۔آئی سی سی ٹیسٹ آل راؤنڈر کی فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے ایک درجہ ترقی حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ بھارت کے رویندر جدیجہ دوسرے اور بھارت کے ہی روی چندرن ایشون تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔آل راؤنڈر کی رینکنگ میں پاکستان کا حال بیٹنگ اور باؤلنگ کے شعبے سے بھی بد تر ہے اور صرف محمد حفیظ ہی 20 سرفہرست آل راؤنڈرز میں موجود ہیں جہاں ان کا سولہواں نمبر ہے۔حال ہی میں سری لنکا کے خلاف 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرنے والی بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کی رینکنگ بہتر ہوئی۔بھارت کے لوکیش راہول پہلی بار ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں شامل ہوگئے، ان کا نواں نمبر ہے جبکہ اوپننگ بیٹسمین شیکھر دھوان دس درجہ ترقی کے بعد اٹھائیسویں نمبر پر آگئے ۔ٹیم رینکنگ میں بھارت 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ، جنوبی افریقہ دوسرے، انگلینڈ تیسرے، آسٹریلیا چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، پاکستان چھٹے، سری لنکا ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں جبکہ زمبابوے بنا کسی پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی