اڑھائی ماہ میں 8 نئے گرڈ اسٹیشنوں کو سسٹم میں شامل کیا گیا،چیف ایگزیکٹو لیسکو
لاہور(کامرس رپورٹر) چیف ایگزیکٹو لیسکو سید واجد علی کاظمی نے کہا ہے کہ اڑھائی ماہ کے قلیل عرصہ میں 8 نئے گرڈ اسٹیشنوں کو سسٹم میں شامل کیا گیا۔ موبائل میٹر ریڈنگ کے رزلٹ کو 100 فیصد کے قریب لایا گیا جو کہ لیسکو کے افسران اور اہلکاروں کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیسکو کے زیر اہتمام تھرڈ اور فورتھ کوارٹر پرفارمنس ایوارڈ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے موجودہ سال کے تھرڈ اور فورتھ کوارٹر کی اچھی پرفارمنس پر آفیسرز اور ملازمین میں ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو عرفان اکرم تھے ۔ تقریب میں لیسکو کے تمام آفسران اور سٹاف نے شرکت کی۔ تقریب میں تلاوت کلام کے بعد یوم آزادی کی مناسب سے قومی تزانہ ادب واحترام سے سنایا گیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو واجد علی کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہر سال 14 اگست کو ایسی تقریب کا انعقاد ہوا کرے گا۔ اس موقع پر لیسکو کے 22900 ملازمین میں سے اچھی کارکردگی کی بنیاد پر تقریباً 300 ملازمین کو تعریفی اسناد اور 35 ملازمین کو نقد انعام سے نوازا گیا جس میں خاص طور پر ایکسیئن ٹاؤن شپ رائے اصغر اور ان کی ڈویژن کی ٹیم کی کارکردگی کو زبردست طریقہ سے سراہا گیا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکونے کہا کہ ان کی ٹیم نے بہت اچھا پرفارم کیا ہے۔ کروڑوں روپے کی میٹریل پروکیورمنٹ کو فائنل کیا جس سے لیسکو سسٹم اَپ گریڈ ہوا ہے اوربجلی کے ترسلی نظام میں بہتری آئی ہے۔ میٹر ریڈنگ کا رزلٹ 100 فیصد کے قریب لے کر گئے۔ لائن لاسز کو کنٹرول کیا۔ ان تمام کامیابیوں میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا بھرپور تعاون رہا ہے۔ اس کے لئے ہم ان کے مشکور ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز عرفان اکرم نے کہا کہ میں لیسکو کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں اور آئندہ کی کامیابیوں کیلئے دعا گو ہوں۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو