سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت غداری کی کارروائی کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر
لاہور(نامہ نگارخصوصی)پاناماکیس کے عدالتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنانے اور عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے پر سابق وزیر اعظم میاں محمدنوازشریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت غداری کی کارروائی کے لئے سپریم کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کر دی گئی ہے۔یہ درخواست خدائی خدمتگار تحریک کے سربراہ محمود اختر نقوی کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف پاناما فیصلے کے بعد مسلسل عدلیہ مخالف تقاریر کرکے عوام کو بغاوت پر اکسا رہے ہیں،میاں محمدنوازشریف نے اسلام آباد سے گھر واپسی پر جگہ جگہ خطاب کرتے ہوئے اداروں کے خلاف تقاریر کیں اور اداروں سے ٹکراؤ کے لئے اپنے کارکنوں سے حلف لئے، انہوں نے کہا کہ میاں محمدنوازشریف کی تقاریر سے انارکی پھیلنے اور ملکی سالمیت داو پر لگنے کا اندیشہ ہے ،میاں محمدنوازشریف کے کارواں کی ٹکر سے کم عمر بچہ بھی جاں بحق ہو گیا ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدلیہ مخالف تقاریر کرنے اور شہریوں کو اکسانے پر میاں نوازشریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت غداری کی کاروائی کا حکم دیا جائے، مزید استدعا کی گئی ہے کہ گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے کم عمر بچے کی ہلاکت کا مقدمہ بھی میاں محمدنوازشریف کے خلاف درج کرنے کا ھ کم دیا جائے۔