نواز شریف میرے دل کے وزیر اعظم ہیں
جاتی امراء(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے نوازشریف نے کسی بھی ادارے کیخلاف بات نہیں کی وہ اب بھی میرے دل میں وزیراعظم ہیں،ملک کا کونہ کونہ انہیں دیکھنے کیلئے بے تاب ہے جبکہ انتخابی اصلاحاتی بل پر بحث جمعرات یا جمعہ کو متوقع ہے۔گزشتہ روز جاتی امراء میں نوازشریف کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا نااہلی کے معاملے پر جو ہونا تھا وہ ہوگیا اب ہمیں آگے چلنا اور اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانا ہے،انتخابی اصلاحاتی بل پر بھی جمعرات یا جمعے کو بحث شروع ہوجائے گی جو انتہائی اہم اقدام ہے۔ سابق وزیراعظم نے ریلی کی صورت میں صرف اپنے گھر آنا تھا ۔ ا نہوں نے عدلیہ سمیت کسی بھی ادارے کیخلاف کوئی بات کی نہ ان پر تنقید کی لہٰذا جو ہوگیا بس اسے چھوڑیں اور آگے بڑھیں۔نواز شریف عو ا م کے جذبے اور اپنی سیاسی بصیرت کو دیکھتے ہوئے جہاں مناسب سمجھیں گے وہاں جائیں گے۔