فاٹا کو دیگر اکائیوں کے برابر لانا چاہتے ہیں ، تعمیر ی تبدیلی حکومت کی ترجیح ہے : وزیر اعظم

فاٹا کو دیگر اکائیوں کے برابر لانا چاہتے ہیں ، تعمیر ی تبدیلی حکومت کی ترجیح ...

  



اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات میں تعمیری تبدیلی حکومت کی ترجیح ہے ٗفاٹا کو دیگر وفاقی اکائیوں کے برابر لانے کے خواہاں ہیں، تمام سماجی شعبوں میں فاٹا کے رہائشیوں سے یکساں سلوک کو یقینی بنایا جائیگا۔وہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان سینیٹ سے گفتگو کررہے تھے وزیر اعظم آفس میں ان سے ملاقات کرنے والے سینیٹرز میں ہدایت اللہ ، حاجی مومن خان آفریدی ، اورنگزیب خان ، ہلال الرحمن، سجاد حسین طوری، محمد صالح شاہ ، تاج محمد آفریدی اور ملک نجم الحسن شامل تھے۔ فاٹا کے سینیٹرز نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کامنصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے ان کے علاقوں میں ترقی کی شرح کو بری طرح متاثر کیا اور بنیادی ڈھانچے کو بہت زیادہ نقصان پہنچا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فاٹا میں تبدیلی اشد ضروری ہے۔ اس موقع پر شاہد خاقان نے کہاکہ تبدیلی ہماری حکومت کی ترجیح ہے اور ہم فاٹا کو دیگر وفاقی اکائیوں کے برابر لانا چاہتے ہیں۔ موجودہ حکومت کی جانب سے پہلے ہی اس ضمن میں اقدامات اٹھائے چکے ہیں اور فریقین کی مشاورت سے قانونی اصلاحات کے ساتھ ساتھ فاٹا کے امور میں تعمیری تبدیلی کو ترجیح دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ صحت، تعلیم ، بنیادی ڈھانچے اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لئے فاٹا کے لئے اضافی وسائل مختص کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ وہ جلد فاٹا کادورہ بھی کریں گے۔علاقہ ازیں وزیر اعظم نے پولیو کے خاتمے کے بارے میں قومی ٹاسک فورس کا اجلاس فوری طور پر بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ سیاسی قیادت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے خلوص دل سے پرعزم ہے۔ منگل کو وزیر اعظم آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ سیاسی قیادت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے خلوص دل سے پرعزم ہے۔ یہ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کا معاملہ ہے لہٰذا ہم ملک سے پولیو کے خاتمے کی بھر پور ذمہ داری لیتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ وہ اس معاملے کی ذاتی طورپر نگرانی کریں گے۔ پولیو کاخاتمہ صوبائی حکومتوں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، ضلعی انتظامیہ ، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی ڈونرز کی طرف سے مربوط کوششوں کامتقاضی ہے ۔اجلاس میں وزیر قومی صحت خدمات سائرہ افضل تارڑ اور پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کی چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق نے وزیر اعظم کو پولیو کے خاتمے کے حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کیا۔ دوسری طر ف وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ جات موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ توانائی ، بنیادی ڈھانچے ، ریلوے اور دیگر شعبوں سمیت ان شاندار منصوبہ جات پر پیشرفت کی ذاتی طورپر نگرانی کررہے ہیں۔ وہ منگل کو سی پیک کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید سے گفتگوکررہے تھے جنہوں نے وزیر اعظم آفس میں ان سے ملاقات کی اور سی پیک کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ وزیرا عظم کو پیش کی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ہے۔ سی پیک کے منصوبہ جات پاک چین تعلقات کے استحکام کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور پاکستان کے لئے ایک تابناک مستقبل کے حصول میں معاون ہوں گے ۔وزیر اعظم نے سی پیک منصوبہ جات پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے میں سی پیک کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے کردار کو سراہا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

مزید : کراچی صفحہ اول