عدالتی فیصلے کو تضحیک کا نشانہ بنانے پرچیئرمین سینٹ کیخلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر
لاہور(نامہ نگارخصوصی)عدالتی فیصلے کو تضحیک کا نشانہ بنانے پرچیئرمین سینٹ رضا ربانی کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔یہ درخواست مقامی شہری محمود اختر نقوی کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین سینٹ نے عدالتی فیصلے کو کھلے عام تنقید کا نشانہ بنایا جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے،آئین اور عدالتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنانا، عدلیہ کو سکینڈلائز کرنا سنگین جرم ہے، عدلیہ آئین کی محافظ اور ملک میں قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کا سب سے بڑا فورم ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی فیصلے اور عدالتی کاروائی کو تضحیک کا نشانہ بنانے پر چیئرمین سینٹ رضا ربانی کے خلاف آئین کے آرٹیکل 204کے تحت توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔