حکومت آزاد کشمیر بھر میں کھیلوں کیلئے گراؤنڈ تعمیر کریگی : راجہ فاروق حیدر

حکومت آزاد کشمیر بھر میں کھیلوں کیلئے گراؤنڈ تعمیر کریگی : راجہ فاروق حیدر

  



مظفرآباد(بیورورپورٹ)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں کھیلوں کے گراؤنڈ تعمیر کرے گی اور موجودہ گراؤنڈ کو کشادہ کیا جائے گاتاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع مل سکے ۔ فٹبال مظفرآباد شہر کا قدیمی کھیل ہے اسکی بہتری کے لیے گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کو آگے لیکر آنا ہوگا۔ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی سٹی کیمپس نئی عمارت میں شفٹ ہونے کے بعد اسکی جگہ 3گراؤنڈ تعمیر کریں گے ۔ یونیورسٹی گراؤنڈ کو کشادہ کیا جارہا ہے ۔ کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت فٹبال ایسوی ایشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیورسٹی گراؤند مظفرآباد میں الحاج اشرف قریشی شہید فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیر صنعت و سماجی بہبود محترمہ نورین عارف ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر ، سیکرٹری سپورٹس راجہ عباس ، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ڈاکٹرراجہ محمد عارف خان ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس سردار پرویز اختر ، کمشنر مظفرآباد چوہدری طیب ، ضلعی انتظامیہ، فٹبال ایسوسی ایشن کے اراکین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ فائنل میچ میں لیاقت شہید فٹبال کلب چھتر نے زمیندار فٹبال کلب گڑھی دوپٹہ کو سنسنی خیر مقابلہ کے بعد پلنیٹی ککس پر شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ۔ کافی عرصہ بعد فٹبال میچ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ۔ آزاد کشمیر میں کھیلوں کی سہولیات میں کمی ہے جس سے بخوبی آگاہ ہوں ۔ پوری ریاست میں کھیلوں کے میدان بنانے اور موجودہ میدانوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے محکمہ سپورٹس کو ہدایات کر دی ہیں ۔ کھیلوں کے میدان نوجوان نسل کا حق ہے جو انکو دیں گے تاکہ وہ صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں ۔ انہوں نے محکمہ سپورٹس اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کو ہدایت کی کہ گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کو آگے لے کر آئیں چونکہ فٹبال ایک سستا کھیل ہے اور اس کا ٹیلنٹ بھی موجود ہے اس سے اس کو زیادہ سے زیادہ پذیرائی ملنی چاہیے ۔ تقریب کے آخر میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں اور انکے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...