ذہین طلبہ ہمارا سرمایہ‘ یونیورسٹی میں خوش آمدید کہیں گے‘ قائمقام وی سی

ذہین طلبہ ہمارا سرمایہ‘ یونیورسٹی میں خوش آمدید کہیں گے‘ قائمقام وی سی

  



ملتان(سٹاف رپورٹر)بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے بی اے ،بی ایس سی سالانہ امتحان2017ء کے دوران مجموعی طور پر 388امیدوار وں کے خلاف ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے کیس درج کئے گئے۔ان میں سے 27امیدواروں کا فیصلہ ہوچکا ہے جب کہ 361امیدواروں کے کیسز زیر سماعت ہیں دریں اثناء بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشیر چودھری نے کہا ہے کہ طلباوطالبات نے محنت کرکے آج اپنے داروں اور والدین کا نام روشن کیا ، اچھے مستقبل کیلئے ہم ان کو یونیورسٹی میں خوش آمدید کہیں گے اوران کی فیس معاف ہوگی ۔وہ گزشتہ روز بی اے‘ بی ایس سی کے سالانہ امتحان کی تقریب میں خطاب کررہے تھے ، انہوں نے کہا کہ ذہین طلباء ہمارا سرمایہ ہیں۔ ہمیں ان کو اعلیٰ مقام پر پہنچانا ہے تاکہ یہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ ہمیں اپنے نوجوانوں پر بھروسہ کرنا ہوگا۔ جبکہ بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عمر چودھری نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے امتحانی سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہمکنار کررہے ہیں ، آئندہ سال تک امتحانوں کیلئے داخلہ فارم ختم کردئے جائیں گے- تمام داخلے آن لائن بھجوائے جائیں گے ،تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر کا کہنا تھا کہ بہاالدین زکریا یونیورسٹی پاکستان کی پہلی سرکاری یونیورسٹی بننے جارہی ہے جس کا پی ایچ ڈی ریسرچ پورٹیل ہوگا۔ اس پورٹیل کا جلد افتتاح کردیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت ہی کم مدت میں نتائج تیار کرنے ریکارڈ قائم کئے ہیں ، پہلی بار بی کام کے نتائج بی اے‘ بی ایس سی سے پہلے دئے گئے ، بی کام پارٹ ون کا رزلٹ بھی رواں ہفتے جاری کردیا جائے گا جبکہ الحاق شدہ کالجز میں جاری بی ایس پروگرام کے امتحانات بھی شیڈول کے مطابق ہورہے ہیں جبکہ ان کے لئے ایک جدید سافٹ ویئر بھی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید : ملتان صفحہ اول