صوبائی حکومت فروغ تعلیم پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے : محب اللہ خان

صوبائی حکومت فروغ تعلیم پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے : محب اللہ خان

  



پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیوں سٹاک اور ڈیری ڈیویلپمنٹ محب اللہ خان اور قومی اسمبلی کے ممبر اور پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مراد سعید نے سوات میں ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے ہائی سے ہائر سیکنڈری کا درجہ پانے والے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ننگولئی سوات کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن کے سینئر نائب صدر حاجی فضل مولا محکمہ تعلیم سوات، متعلقہ سرکاری افسران، معززین علاقہ اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محب اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے شعبہ تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے اور اس کے لئے سالانہ بجٹ میں اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے صوبے میں ہزاروں اساتذہ خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کئے ہیں جن میں سے 5 ہزار اساتذہ کی صرف سوات میں تعنیاتی ہوئی ہے جبکہ 18 مہینوں کی قلیل مدت کے دروان دہشت گردی سے متاثرہ 115 سکولوں کو بحال کیا ہے اور غریب اور امیر کے بچوں کے حصول تعلیم میں تفاوت ختم کرتے ہوئے یکساں سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا گرلز ہائر سیکنڈری سکول ننگولئی تعلیمی پالیسیوں کا عملی نمونہ ہے جس کے باعث بچیوں کو دور دراز کا سفر طے کرنے کی بجائے گھر کی دہلیز پر تعلیمی سہولتیں میسر آئی ہیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بچیوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیں تا کہ حکومتی تعلیمی اقدامات کامیابی سے ہمکنار ہوں ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے کہا کہ پی ٹی آئی میرٹ کو یقینی بنانے، حقدار کو اس کا حق دلانے ، عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کرنے اور نظام میں شفافیت لانے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے جو مثالی اقدامات اٹھائے ہیں وہ ماضی کی کوئی حکومت نہیں کر سکی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...