ڈیرہ ،بس اور کنٹینر میں تصادم ایک جاں بحق ،15 زخمی

ڈیرہ ،بس اور کنٹینر میں تصادم ایک جاں بحق ،15 زخمی

  



ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)ڈیرہ بنوں روڈ پر چھپر ہوٹل کے قریب دو موٹرسائیکلوں کے تصادم اور ہزارہ پل کے قریب سوات سے کراچی سے جانیوالی مسافر بس اور کنٹینر کے تصادم میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 15افرادزخمی ہوگئے ،زخمیوں کو پروآ اور ڈیرہ کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر ڈیرہ بنوں روڈ پر چھپر ہوٹل کے قریب دو موٹرسائیکلوں کے تصادم میں ایک پر سوارعطاء اللہ نامی شخص جاں بحق جبکہ اسکی بیوی اور بچہ زخمی ہوگئے دوسرے موٹر سائیکل پر سوار قمر اور اسکا ساتھی زخمی ہوگیا، قمر کو تشویشناک حالت ہونے کی بناء پر ملتان ریفر کر دیا گیا۔دوسرے واقعے میں سوات سے کراچی جانیوالی مسافر بس اور کنٹینر کے درمیان تھانہ پروآ کی حدود میں ہزارہ پل کے قریب تصادم ہوگیا تصادم سے مسافر بس میں سوار 45سالہ ظاہر شاہ ولد شمشاد سکنہ مردان ،37سالہ سیف اللہ ولد سمیع اللہ ،39سالہ آصف علی شاہ ولد پردل شاہ ،37سالہ شوکت علی ولد فقیر گل اور 26سالہ ریاض ولد سرفرازسکنائے مردان سمیت گیارہ مسافر زخمی ہوگئے جنکو فوری طور پر پروآ اور ڈیرہ کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ،تصادم سے کنٹینر اور بس کو شدید نقصان پہنچا ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر