ملائیشیاء سے پشاور اور اسلام آباد کیلئے براہ راست پروازیں شروع کی جائیں : سردار بابک

ملائیشیاء سے پشاور اور اسلام آباد کیلئے براہ راست پروازیں شروع کی جائیں : ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے ملائشیا سے پشاور اور اسلام آباد کیلئے براہ راست پروازوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ پروازوں کی بندش سے وہاں پر مقیم پختونوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر پڑ رہا ہے جو کسی طور مناسب نہیں ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملائشیا میں مقیم ہزاروں پختون سالانہ کروڑوں روپے کا زر مبادلہ پاکستان بھیج کر ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے ان کیلئے پشاور اور اسلام آباد تک ڈائریکٹ پروازیں معطل کر کے زیادتی کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ملائشیا میں مقیم ہزاروں پختون محنت مزدوری کے ساتھ بڑے بڑے کاروبار کے ساتھ بھی وابستہ ہیں اور ایک طویل عرصہ سے ملک کو کروڑوں روپے کا زر مبادلہ دے رہے ہیں ،لہٰذا مرکزی حکومت اور قومی ایئرلائن ان کی مشکلات میں اضافہ کی بجائے انہیں سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی بھی کرے، سردار حسین بابک نے مرکزی حکومت اور وزارت خارجہ سے یہ درخواست بھی کی کہ ملائشیا کے ساتھ سفارتی سطح پر وہاں مقیم پختونوں کی پکڑ دھکڑ اور انہیں بے جا ہراساں کرنے کا معاملہ اٹھایا جائے تاکہ اُن میں پائی جانے والی احساس محرومی کا خاتمہ ہو اور انہیں یقین ہو جائے کہ ملکی سطح پر بھی ان کیلءئے کوئی آواز اٹھانے والا ہے،انہوں نے کہا کہ 70لاکھ سے زائد پختون مختلف ممالک میں محنت مزدور اور کاروبار کر کے سالانہ اربوں روپے بھیج رہے ہیں جو ملکی آمدان کا بڑا اور مستقل ذریعہ ہے ،لہٰذا مرکزی حکومت اور اورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ان کی بہترین حوصلہ افزائی کریں اور سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عزت افزائی بھی یقینی بنائی جائے ،انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اے این پی صوبائی اسمبلی میں ایک قرارداد بھی جمع کرائے گی جس میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ ملائشیا میں مقیم پختونوں کو بے جا تنگ کرنے کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھایا جائے اور ان کیلئے ملائشیا سے پشاورت اور اسلام آباد کیلئے براہ راست پروازیں شروع کی جائیں۔