پختونخوا ریڈیو مردان ،14 اگست کو خصوصی نشریات کا اہتمام

پختونخوا ریڈیو مردان ،14 اگست کو خصوصی نشریات کا اہتمام

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)پختونخوا ریڈیو مردان نے حسب سابق امسال بھی پاکستان کے یوم آزادی پر14 اگست کو خصوصی نشریات کا اہتمام کیا جس میں سامعین کی دلچسپی کے لیے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے گئے ۔ دن کی مناسبت سے پیش کیے گئے پروگراموں میں جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں کو بلایا گیا وہاں اس میراتھن ٹرانسمشن میں دن بھر سامعین کے ذوق کی تسکین اور ان کے جذبہ حب الوطنی کو جلا دینے کے لیے مقبول قومی نغمے بھی پیش کیے گئے ۔جبکہ یوم آزادی کی مناسبت سے پختونخوا ریڈیو کے سٹوڈیوز کو بھی خصوصی طور پر قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔یوم آزادی کے حوالے سے سینئر ریڈیو پریزنٹرانعام جی کے مارننگ شو’’ سلام پاکستان‘‘ میں جدوجہد آزادی کی داستان نہایت مؤثر انداز سے سامعین کے گوش گزار کی گئی اور آزادی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیاگیا اور آزادی کی اہمیت اور محکوم قوموں کی حالت زار کو موضوع بحث بنایا گیا ۔جدوجہد آزادی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں خواتین کے کردار پر خصوصی پروگرام جس کی میزبان سینئر آرجے بی بی شیرینہ تھیں میں خواتین کونسلرز شرافت بلال ،نعیمہ ناز اور عالیہ نواب نے تحریک آزادی میں خواتین کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور بتایا کہ خواتین نے تحریک آزادی اور بعدازاں وطن عزیز کی بقا ،سالمیت اور ترقی کے لیے مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کی اور آج بھی خواتین زندگی کے ہر میدان میں اپنا کردار بخوبی ادا کررہی ہیں ۔ آزادی ٹرانسمشن میں میزبان سجاد احمد خان کے پروگرام میں ضلع نائب ناظم اسد علی کشمیری ، تحصیل نائب ناظم مشتاق سیماب سمیت کونسلروں ایاز صافی اور طورو نے بھی حصہ لیا اور کہا کہ پاکستان کو بانی پاکستان کے خوابوں کی تعبیر بنانے کے لیے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا ۔ اسی طرح شعیب صادق، مہر اندیش اور پروفیسر گوہر نوید کی میزبانی میں پروگرام میرا وطن میں ماہر تعلیم فیاض اختر کے ساتھ برصغیر کی تحریک آزادی میں دانشوروں اور شعرا و ادبا ء کے کردار پر روشنی ڈالی گئی جبکہ میر اوطن میری جان پروگرام میں نوررحمان سحر کی میزبانی میں ہونہار طالب علموں زلان سحر اورتیمور خان نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں ۔ جبکہ مولانا حسین احمد نے پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ کے موضوع پر جدوجہد آزادی میں علماء ومشائخ کے مثبت کردار کا تذکرہ کیا ۔14 اگست کے سیاسی پس منظر میں پریزنٹر فتح اللہ بنگش کے پروگرام میں پروفیسر ابرار خٹک نے جدوجہد آزادی میں سیاسی زعماء کے کردار پر روشنی ڈالی اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے دیگر قائدین کی جدوجہد سے سامعین کو آگاہ کیا ۔پختونخوا ریڈیو مردان کے سٹیشن منیجر شمس الحق نے یوم آزادی پر بہترین پروگرامات کی پیشکش پر گیسٹ پروڈیوسر شوکت علی ، انجینئر ناصر اسحاق اور دیگر تمام عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایف ایم مردان صوبائی حکومت کی پالیسی کے تحت عوام کو باخبر رکھنے اور ان کو بہترین تفریح فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...