وزیراعلی شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات، مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام( ف) کے سربراہ اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور ،سیاسی صورتحال اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے حالات پر گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی ۔وزیراعلی نے کہاکہ ظلم وجبر سے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے اورہم نے ملکر اس کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے ۔پاکستان کے مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سیاست میں رواداری اور شائستگی کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔