کینبرااور سڈنی میں جشن آزادی کے سلسلہ میں تقریبات
سڈنی( ڈیلی پاکستان آن لائن)جہاں دنیا بھر میں یوم آزادی پاکستان کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے وہاں آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھی یوم جشن آزادی کو پورے جوش و جذبے سے منایا گیا ۔اس سلسلہ میں ایک تقریب کا اہتمام سڈنی میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب کیا گیا جس میں قونصل جنرل عبدالماجد یوسفانی نے پرچم کشائی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ہماری پاک افواج اور حکومت نے بہادری سے دہشت گردوں کو شکست سے دوچار کیا ہے۔ان حالات میں تارکین وطن کو پاکستان میں یک جہتی اور اسکی سلامتی کے لئے اپنے فرائض یاد رکھنا ہوں گے۔ اس موقع پر آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملی نعمے اور ترانے گا کر جشن کے مزے کو مزید دوبالا کر دیا ۔اس موقع پر پاکستان کے سابق سٹار کرکٹر وقار یونس اور معروف سماجی شخصیت راجہ تاثیر نے خاص طور پر تقریب میں شرکت کی۔
جشن آزادی کی ایک اور تقریب آسٹریلیا کے کیپٹل کینبرا میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے منعقد ہوئی جس میں سفیر پاکستان نائلہ چوہان نے کیک کاٹ کاٹنے کے بعد پرچم کشائی کی۔انہوں نے پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پر پاکستانیوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر خالد اعجاز نے صدر مملکت جبکہ قونصلر محمد عامر نے وزیر اعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا۔