این اے 120میں کامیابی ملی مسلم لیگ کے قدم چومے گی،ہم ملک میں اقتدار نہیں اتحادویکجہتی اور استحکام پاکستان کی سیاست کریں گے:سیف اللہ خالد
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ این اے 120میں کامیابی ملی مسلم لیگ کے قدم چومے گی،یاسی و مذہبی جماعتوں، تاجروں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار محمد یعقوب شیخ کی حمایت کر رہی ہیں ،ہم ملک میں اقتدار نہیں اتحادویکجہتی اور استحکام پاکستان کی سیاست اور آنے والے دنوں میں فعال کردار ادا کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق این اے 120 میں شامل گلشن راوی، لیک روڈ اور مختلف علاقوں میں کارنرز میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے سیف اللہ خالد نے کہاکہ ہم نے یہ بات طے کرلی ہے کہ قوم کوجوڑناہے،اتحادقائم اوروحدت کاماحول تشکیل دیناہے، ملک وعوام کی خدمت کرنی ہے اس کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اورنظام ریاست کی اصلاح کرنی ہے، ہم نے لسانیت،صوبائیت،علاقائیت اورشخصی مفادات کے ماحول سے قوم کونکالناہے، ہماری قوم میں اتحاد،اتفاق، پیار،محبت، رواداری،ایثارو قربانی اورباہمی یگانگت کاایک خطرناک خلاپیداہورہاہے، ہم نے ان شاء اللہ اس خلاکوپرکرناہے ،قوم کے نوجوانوں،بزرگوں اوربچوں کوپیارومحبت کے رشتوں میں جوڑناہے،آپ دیکھیں گے کہ کامیابی بہت جلدہمارے قدم چومے گی۔انہوں نے کہاکہ اسلام کانفاذ،نظریہ پاکستان کااحیا،پاکستان کااستحکام،نصاب تعلیم،نظام تعلیم ،تعلیمی اداروں کی اصلاح اورمسئلہ کشمیر کاحل ہماری ترجیحات میں شامل ہے،ہم عدلیہ،مقننہ ،میڈیاسمیت ہرادارے اورہرشعبہ زندگی کی بنیاد نظریہ پاکستان پراستوارکرنااورتمام اداروں پرنظریہ پاکستان کی ترویج وبالادستی چاہتے ہیں، ہمارادوسراہدف ایسی قیادت کی تیاری ہے جوصحیح معنوں میں مسلمان،محب وطن،صادق وامین اور عوام کاخون چوسنے والی نہ ہو اور نہ ہی ایسی قیادت ہو کہ جس کے تانے بانے دشمن سے جڑے ہوئے ہوں، 1973ء کاآئین پاکستان کی اسلامی بنیادوں پرتشکیل کے بارے میں بہت واضح لائحہ عمل متعین کرتاہے،اس آئین کوہم نے پاکستان کی عملی تعبیربناناہے۔