دھاندلی کے معاملے پر تمام اپوزیشن اکٹھی ہے، رانا ثناء اللہ

دھاندلی کے معاملے پر تمام اپوزیشن اکٹھی ہے، رانا ثناء اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے معاملے پر تمام اپوزیشن اکٹھی ہے، پیپلز پارٹی سے ہم نے کہا تھا کہ آپ کی تعداد اسمبلی میں زیادہ ہے۔ اس سلئے وزارت عظمیٰ کے لئے اپنا امیدوار دیں مگر اب ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے آصف زرداری کے خلاف سخت بیانات دیئے ہیں، اس کا مطلب ہے پیپلز پارٹی ووٹ نہیں ڈالے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سپیکر کے انتخاب میں متحدہ اپوزیشن نے146ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ حکومت نے 176ووٹ حاصل کئے ۔ اپوزیشن مختلف جماعتوں پر مشمل ہوتی ہے، بعض معاملات پر ہم خیال ہوتے ہیں تو بعض معاملات پر اختلافات بھی ہوتے ہیں۔ تاہم انتخابات میں دھاندلی کے معاملے پراپوزیشن جماعتیں متفق ہیں۔ پیپلز پارٹی نے خود کہا تھا کہ آپ وزارت عظمیٰ کا امیدوار دیں اب یہ کہتے ہیں کہ شہباز شریف نے آصف زرداری کے خلاف سخت بیان دیئے اس کا مطلب ہے کہ پیپلز پارٹی ووٹ نہیں ڈالے گی، ہم اس موقع پر وزارت عظمیٰ کے لئے اپنا امیدوار تبدیل نہیں کر سکتے ہم وزارت عظمیٰ کا انتخاب ضرور لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آصف زرداری سے ملاقات کا وقت مانگا ہے، اگر شہباز شریف کی جانب سے آصف زرداری کے خلاف سخت بیانات کا تعلق ہے تو عمران خان نے بھی آصف زرداری کے خلاف سخت زبان استعمال کی مگر پیپلز پارٹی نے تو ان سے ہاتھ ملا لیا۔ فیصلے حالات کو پیش نظر رکھ کر کئے جاتے ہیں، جو لوگ پارلیمنٹ میں عوامی مینڈیٹ کے علاوہ کسی اور مینڈیٹ کے ذریعے آئے ہیں ہم نے پارلیمنٹ کو ان سے پاک کرنا ہے۔ ہم نے ملک میں آزاد اور منصفانہ انتخابات کے لئے اور ملک میں جمہوریت کو جمہوری اور آئینی اصولوں کے مطابق آگے بڑھانے کی جدوجہد کرنی ہے۔ اس جدوجہد کو کون ہمارا ساتھ دیتا ہے اور کون نہیں دیتا ہمیں اس بات پر کوئی گلہ نہیں۔ ہم ساتھ دینے والوں کے شکر گزار ہوں گے۔
رانا ثناء اللہ

مزید :

صفحہ آخر -