طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول پر توجہ دینی چاہیے،منظور سیال

طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول پر توجہ دینی چاہیے،منظور سیال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر)آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، طلبہ و طالبات کو آزادی کی قدر کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے حصول پر توجہ دینی چاہیے، تا کہ وہ مستقبل میں ملکی ذمہ داریاں انجام دینے کی قابلیت حاصل کر سکیں، اور پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انجمن حمایتِ اسلام کے صدر جسٹس (ر) منظور حسین سیال نے دارالشفقت مردانہ (ملتان روڈ) پر 71 ویں یومِ آزادی کی عظیم الشان تقریب سے خطبہء صدارت میں کیا۔ انھوں نے ہندوستان میں مسلم اقلیت کے ساتھ روا رکھے جانے والے مظالم بیان کر کے نئی نسل کو قیامِ پاکستان کے تاریخی پس منظر سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری جنرل میاں محمد منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ انجمن حمایتِ اسلام کے سابق صدر علامہ اقبال نے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا تصور دیا۔ قائداعظم انجمن کی تقریبات میں متعدد بار آتے رہے اور تحریک پاکستان کے لیے یوتھ فورس بھی انجمن کے کالجز کے طلبہ پر مشتمل تھی۔ انھوں نے کہاکہ قیامِ پاکستان کے دوران انجمن کی خدمات میں مہاجرین کے لیے کیمپوں اور قیام و طعام قابل ذکر ہے۔ یومِ آزادی کی اس عظیم الشان تقریب میں جسٹس (ر) غلام محمود قریشی، احمد شجاع خان، میاں محبوب اقبال، مرزا خادم حسین جرال، مدثر لطیف راں، الطاف الرحمن، زوار احمد شیخ،سہیل محمود بٹ، میاں خورشید انور، میاں شاہد لطیف، ایم ایم ملک، حاجی غلام مصطفی، خواجہ محمود احمد اور محمد رفیع رضا کھرل کے علاوہ سیکڑوں اساتذہ، طلبہ و طالبات اور سٹاف نے شرکت کی۔