پی ٹی آئی ایم پی اے عمران علی شاہ کو شہری نے معاف کردیا

پی ٹی آئی ایم پی اے عمران علی شاہ کو شہری نے معاف کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے شہری نے انہیں معاف کردیاہے تاہم شہری کے مطابق انہیں کیوں مارا گیا اس کا ابھی تک علم نہیں ہے،دوسری جانب نجی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیاہے کہ بزرگ شہری کو معافی قبول کرنے پر مجبور کیا گیا۔تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ ،کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی کے ساتھ شہری داؤدچوہان کے گھر پہنچے اور ان سے اپنے عمل کی معافی مانگی،جس پر انہوں نے یہ کہہ کرمعاف کردیا کہ اگر کوئی میرے گھر پر آئے تو اسے میں خالی ہاتھ واپس نہیں کرتا۔داؤد چوہان کے مطابق عمران علی شاہ کے مقابلے میں غریب شخص ہوں اور قانونی چارہ جوئی نہیں کرسکتا اس لیے معاملہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر چھوڑتا ہوں۔تشدد کا نشانہ بننے والے شہری نے کہا کہ انہیں اب تک معلوم نہیں کہ عمران علی شاہ نے انہیں کیوں تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔دوسری جانب نجی چینل نے دعویٰ کیاہے کہ بزرگ شہری کو معافی قبول کرنے پر مجبور کیا گیا جب ڈاکٹر عمران شاہ ان کے گھر سے چلے گئے تو شہری داؤودچوہان سے پوچھا گیاکہ کیا آپ نے ان کو معاف کردیا ہے اس پر بزرگ کی آنکھیں نم ہو گئیں، کہنے لگے میں سرکاری ملازم ہوں ان لوگوں سے نہیں لڑسکتا یہ بڑے لوگ ہیں میں ان سے کیسے قانونی جنگ لڑونگا یہ کہا اور وہ پھر اپنے گھر کے اندر چلے گئے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عمران علی شاہ کو کراچی کے علاقے اسٹیڈیم روڈ پر شہری پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بننا پڑا۔ سوشل میڈیا صارفین نے عمران علی شاہ کی حرکت کو اسٹیٹس کو اور پروٹوکول کی مخالفت کرنے والی پی ٹی آئی کے دہرے معیار سے تعبیر کیا۔معاملہ پر احتجاج بڑھا تو تحریک انصاف قیادت نے واقعہ کو افسوس ناک قرار دے دیا اور ساتھ ہی عمران علی شاہ کوشوکاز نوٹس جاری کردیا۔ جس کے ردعمل میں نو منتخب رکن سندھ اسمبلی، شہری داؤد کے گھران سے معافی مانگنے پہنچ گئے۔بعد ازاں پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ندامت کا اظہار کیا اور واضح کیا کے ذمہ دار شہری اور منتخب رکن سندھ اسمبلی ہونے کے ناطے ان پر شہریوں کی حفاظت کا ذمہ ذیادہ ہے اس کے ساتھ ہی انھوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کے ویڈیو میں دکھائی گئی حقیقت ادھوری ہے ۔ انہوں نے شہری کو اس لیے مارا پیٹا کیوں کہ اس نے ایک غریب موٹرسائیکل سوار کو بار بار اپنی گاڑی سے ہٹ کیا تھا