لاکھوں مالیت کی ہیروئن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام ،ایک گرفتار
پشاور( سٹی رپورٹر)اینٹی نارکاٹکس فورس پشاورنے بھاری مقدار میں لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن منشیات پنچاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیالکوٹ کے رہائشی سمگلر کو گرفتار کرلیا ،ملزم مسافر گاڑی میں سوار تھا جس نے منشیات اپنے جسم سے باندھ رکھی تھی۔اے این ایف پشاورنے خفیہ اطلاع پر موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب مسافر گاڑی ایف ڈی ایس 1276 سے ایک مسافر کو شک کی بناء پر تحویل میں لیا جس کی تلاشی کے دوران 2.250 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی، اے این ایف حکام کے مطابق طارق محمود نامی ملزم کا تعلق سیالکوٹ سے ہے جس نے منشیات کواپنے جسم کے ساتھ باندھ رکھاتھا، ملزم کے خلاف سی این ایس اے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔