خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ ، پنجاب اور بلوچستان میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخابات آج ہوں گے
لاہور / کوئٹہ / پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ ، پنجاب اور بلوچستان میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخابات آج ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب بدھ کے روز ہوچکا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب آج (جمعرات کو) ہوگا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کیلئے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر کھیل محمود خان اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں نثار گل کے مابین مقابلہ ہے، دونوں امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے نو منتخب ارکان نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج خفیہ رائے شماری کے ذریعے کریں گے، اس مقصد کے لیے ایوان کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے کے لیے تحریک انصاف اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چوہدری محمد اقبال امیدوار ہیں جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے سردار دوست محمد مزاری اور (ن) لیگ کے محمد وارث شاد کے درمیان مقابلہ ہوگا۔پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 ارکان پر مشتمل ہے، عام انتخابات میں 360 ارکان منتخب ہو کر ایوان میں پہنچے ہیں جبکہ 11 نشستیں تاحال خالی ہیں۔
علاوہ ازیں بلوچستان میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہوگا۔ بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں نے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو سپیکر کا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ ڈپٹی سپیکر کے عہدے کیلئے پی ٹی آئی کے بابر موسیٰ امیدوار ہیں۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی ، خیبر پختونخوا اور سندھ اسمبلی کے سپیکرز اور ڈپٹی سپیکرز کا انتخاب گزشتہ روز (بدھ کو) ہوچکا ہے۔ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے اسد قیصر سپیکر جبکہ قاسم سوری ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئے ہیں۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے مشتاق غنی سپیکر اور محمود جان ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئے ہیں۔ سندھ اسمبلی میں آغا سراج درانی ایک بار پھر سپیکر جبکہ پیپلز پارٹی سے ہی تعلق رکھنے والی ریحانہ لغاری ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئی ہیں۔