متحدہ عرب امارات کے سفیر حامد عبید ابراہیم کی اسد قیصر سے ملاقات،سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اسد قیصر سے ملاقات کی ہے اورانہیں قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب ہو نے پر مبارک باد دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل” ہم نیوز“ کے مطابق یو اے ای کے سفیرحامد عبید ابراہیم سالم الا ظبی نے کہا کہ یو اے ای پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں مزید پاِئیدار بنیادوں پر استوار کرنے کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے دوران اسپیکراسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات مذہب، ثقافت اور تاریخ کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اراکین پارلیمنٹ اور تاجر برادری کے آپس میں رابطوں میں اضافے کی ضرورت ہے۔