پاکستان کریسنٹ سوسائٹی کویت کی جانب 71 ویں یوم آزادی کے موقع پرشاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا
کویت (محمد عرفان شفیق) جشن آزادی کی مناسبت سے پاکستان کریسنٹ سوسائٹی کویت نے رنگا رنگ پروگرام کا انعقاد کیا جس میں کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری خلیل نے حاصل کی۔ کویت میں مقیم پاکستانی مقامی فنکاروں نبیل احمد، ناصر عباس، وقار حسن نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملی نغمے پیش کیے۔فضا جا بجا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی اور حاضرین چہار سو پاکستان پرچم لہرا کر اپنی محبت کا اظہار کرتے رہے۔ معروف بانسری نواز سعید ہزاروی نے بانسری کی دھن پر ملی نغمہ پیش کیا۔ تقریب سےسید صداقت علی ترمذی، محمد عارف بٹ، عتیق عدنان، عرفان ناگرہ اور چوہدری عدنان افضل نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 71 سال سے آزادی کی نعمت میسر ہے لیکن ہم ابھی تک آزادی کا حق ادا نہیں کر سکے۔ آئیے، پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف پاکستان کے لیے سوچیں اور نظریہ پاکستان ہی اصل پاکستان کی بنیاد ہے۔ آخر میں جشن آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔