عید الاضحی کی چھٹیاں واقعی 4 کر دی گئی ہیں یا 3 ہی ہوں گی؟ بالآخر حقیقت سامنے آ گئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نگراں وفاقی حکومت کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر 21 اگست سے 23 اگست تک چھٹیوں کا اعلان کیا گیا۔ اس اعلان کے بعد اب سوشل میڈیا پر ایک اور نوٹیفکیشن گردش کر رہا ہے جسے ”نیا نوٹیفکیشن“ قرار دیتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ چھٹیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے اور 24 اگست کو بھی چھٹی ہو گی۔
اس ’نئے ‘ نوٹیفکیشن میں کتنی حقیقت ہے اور کیا واقعی اب چھٹیاں 21 اگست سے 24 اگست تک ہوں گی؟ وزارت داخلہ نے اس حوالے سے وضاحت جاری کر دی ہے جس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے اور چھٹیاں 21 سے 23 اگست تک ہی ہوں گی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عید کی چھٹیوں سے متعلق کوئی نیا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا اور سوشل میڈیا پر 21 سے 24 اگست تک چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر سرکاری چھٹیاں 21 اگست سے 23 اگست تک ہی ہیں۔