’’ن لیگ چاہتی تو خورشید شاہ کو ووٹ ۔۔۔۔‘‘پیپلز پارٹی کے تسنیم قریشی نے ’’کھری کھری‘‘سنا دیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما تسنیم قریشی نے کہاہے کہ شہبازشریف کل تک ہمارے پیٹ پھاڑ رہے تھے ،ان کو ووٹ دینا مہنگا سودا ہوگا ، ن لیگ کو فیصلے سے آگاہ کردیا تھاوہ چاہتی تو خورشید شاہ کو ووٹ نہ دیتی ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دا فرنٹ ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوتے تسنیم قریشی نے کہا کہ ا س میں کوئی شک نہیں کہ فضل الرحمان اور شہبازشریف نے الیکشن کے بعد حلف نہ لینے اور سڑکوں پر احتجاج کا فیصلہ کیا تھا جس پر پیپلز پارٹی نے ایک کمیٹی بنائی اور وہ شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے پاس گئے اور فیصلہ ہواکہ کو نسے امیدوار کس جماعت سے ہونگے؟ لیکن اس میں ناموں کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اب مسلم لیگ ن والے شہبازشریف کے نام پر ضدکر گئے ہیں جو امیدوار وہ لیکر آرہے ہیں وہ کل تک تو ہمارے پیٹ پھاڑ رہا تھا ۔ ہم نے یہ کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار کوووٹ دیں گے یہ نہیں کہا تھا کہ شہبازشریف کو ووٹ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اب اس شخص کو جس سے پیپلز پارٹی کی قیادت اوپر سے لیکر نیچے تک نالاں ہے اس کو ووٹ دینا مہنگا سودا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ ن کے اپوزیشن لیڈر بننے سے نہیں روک سکتے کیونکہ ان کے پاس اکثریت ہے ۔ ہم نے تین دن پہلے بتا دیا تھا کہ ہم شہبازشریف کو ووٹ نہیں دیں گے ۔ اس لئے اگر وہ چاہتے تو ہمارے امیدوار خورشید شاہ کوووٹ نہ دیتے کسی اور کو دے لیتے ۔