اغواءیا فروخت کئے جانے والے بچے کہاں اور کتنے کے بیچے جاتے ہیں؟ تفصیل جان کر ہر شخص پریشان ہوجائے

اغواءیا فروخت کئے جانے والے بچے کہاں اور کتنے کے بیچے جاتے ہیں؟ تفصیل جان کر ...
اغواءیا فروخت کئے جانے والے بچے کہاں اور کتنے کے بیچے جاتے ہیں؟ تفصیل جان کر ہر شخص پریشان ہوجائے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی(نیوز ڈیسک)ہر سال ہزاروں بچے لاپتہ یا اغواءہو جاتے ہیں جن میں سے اکثر کا کبھی سراغ نہیں مل سکتا۔ ان بچوں کے بدنصیب والدین عمر بھر اپنے جگر گوشوں کو دیکھنے کے لئے ترستے رہتے مگر وہ واپس نہیں آتے۔ یہ معصوم واپس آئیں بھی کیسے کیونکہ دولت کے پجاری کچھ سفاک لوگ ان بچوں کو لاکھوں روپے کے عوض سمندر پار فروخت کر دیتے ہیں جہاں سے یہ کبھی لوٹ نہیں پاتے۔ بھارت میں ایک ایسے ہی بے رحم گروہ کا انکشاف سامنے آیا ہے جو اب تک سینکڑوں بچوں کو امریکا لے جا کر فروخت کر چکا ہے۔
ممبئی پولیس نے انٹرنیشنل لیول پر انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ کے سرغنہ کو قریبی ساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا ہے۔ یہ شیطان صفت مجرم اب تک کم از کم 300 بھارتی بچوں کو امریکہ میں فروخت کرچکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گجرات سے تعلق رکھنے والے مرکزی ملزم راجو بھائی گملے والا نے 2007ءمیں اس گروہ کی بنیاد رکھی۔ وہ اپنے امریکی گاہکوں کو 45 لاکھ روپے میں ایک بچہ فروخت کرتا تھا۔ فروخت کئے گئے اکثر بچوں کا تعلق ریاست گجرات سے ہے جبکہ ان کی عمریں 11 سے 16برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راجو بھائی کو جب امریکہ سے کسی بچے کی خریداری کیلئے آرڈر موصول ہوتا تھا تو وہ اپنے لوگوں کو مناسب بچہ ڈھونڈنے کیلئے کہتا تھا۔ عام طور پر غریب خاندانوں کے اچھی شکل و صورت والے بچوں کے والدین کوبچے کے اچھے مستقبل کا جھانسا دے کر ان سے چند ہزار میں معاملہ طے کرلیا جاتا تھا، یا دوسری صورت میں بچوں کا اغواءبھی کیا جاتا تھا۔ ان بچوں کو امریکہ میں موجود گاہکوں کے ہاتھوں فروخت کردیا جاتا تھا جس کے بعد ان کے والدین کو ان کے حال احوال کے متعلق کبھی کوئی خبر نہیں ملتی تھی۔
اس سفاک گروہ کا انکشاف اس وقت ہوا جب اداکارہ پریتی سوڈ کو ایک دوست کی جانب سے کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ دو کمسن لڑکیوں کو ورسووا کے ایک سیلون میں مشکوک انداز میں تیار کیا جارہا ہے۔ پریتی کا کہنا ہے کہ وہ سیلون میں گئیں اور وہاں موجود لوگوں سے پوچھا کہ یہ لڑکیاں کون ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ لڑکیوں کو ان کے امریکہ میں موجود والدین کے پاس بھیجا جارہا ہے۔ پریتی نے صورتحال کو مشکوک دیکھتے ہوئے پولیس کو اطلاع کردی جس کے بعد تفتیش کا آغاز کیا گیا او رپتہ چلا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث ایک گروہ اب تک سینکڑوں لڑکوں اور لڑکیوں کو امریکہ لے جا کر فروخت کر چکا ہے۔ اس کے بعد مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے جن میں مرکزی ملزم راجو بھائی اور کے چار قریبی ساتھیوں عامر خان، تاج الدین خان، افضال شیخ اور رضوان چھوٹانی کو گرفتار کر لیا گیا۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -