لندن، برسلز،پیرس، ٹوکیو سمیت مختلف ممالک میں اوورسیز پاکستانیوں اورکشمیریوں نے بھارتی یوم آزادی کویوم سیا ہ بنادیا
لندن /ٹوکیو/پیرس /انقرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر پر پاکستان ، آزاد کشمیر سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں یوم سیاہ منایا گیا اور کشمیر پر بھارتی مظالم کیخلاف مظاہرے اور احتجاج ریکارڈ کروایاگیا ۔
جیونیوز کے مطابق بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ہوا۔اس تاریخی احتجاج میں سیکڑوں مظاہرین نے شرکت کی جبکہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی ذولفی بخاری مظاہرے کی قیادت کیلئے لندن پہنچے۔اس کے علاوہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید بھی مظاہرے میں شرکت کیلئے لندن میں موجود تھے۔وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے بھی لندن میں بھارت مخالف مظاہرے میں حصہ لیا۔احتجاج کے موقع پر بھارتی ہائی کمیشن کی سیکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی تھی۔برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا کی جانب سے کشمیر کا مقدمہ پیش کیاگیا۔سکھ کمیونٹی نے بھی پاکستانیوں اور کشمیریوں کے ساتھ احتجاج میں حصہ لیا اور خالصتان کے پرچم بلند کئے ۔
اس موقع پر برطانیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ اور کامن ویلتھ ڈاکٹر اینڈریو مورسن سے برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے ملاقات کی اور انہیں بھارتی مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔پاکستانی ہائی کمشنر نے انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالہ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اقدامات سے خطے کی سلامتی کو شدید خطرات کا سامنا ہے۔انہوں نے برطانوی وزیر مملک کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات پر مبذول کرائی اور کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔اینڈریو مورسن نے یقین دلایا کہ ان کا ملک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ ہے اور اس حوالہ سے شدید تشویش رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کا جلد از جلدحل ضروری ہے ۔
مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے اور وہاں جاری بھارتی مظالم کے خلاف بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا گیا۔پاکستانیوں اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔مظاہرین میں بھارتی شہری بھی شامل ہیں تھے جنہوں نے مودی حکومت کے اقدام کے خلاف احتجاج کیا اور اس عمل کی شدید مذمت کی ۔
یورپین پارلیمنٹ کے سامنے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈرشن، سکھ کونسل آف بیلجیم، پشتون آرگنائزیشن یورپ بیلجیم اور پیس فورم بیلجیم کی جانب سے کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت سیکڑوں خواتین و مرد اور بچوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھارکھے تھے بھارت کے خلاف مسلسل نعرے بازی کرتے رہے ۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیومیں بھی مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کا احتجاجی مظاہرہ ہوا۔مظاہرے میں سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت سیکڑوں خواتین و مرد اور بچوں نے شرکت کی۔مظاہرے کا اہتمام کشمیر یکجہتی فورم نے جاپان کی سیاسی سماجی شخصیات کے تعاون سے کیا۔ٹوکیو میں کشمیر یکجہتی فورم کے سربراہ شاہد مجید نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ بھارت کشمیر کے لوگوں سے ان کی خصوصی پہچان چھیننے کی کوشش کررہا ہے۔مظاہرے کے شرکاءنے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں 38 ہزار فوجی مزید بھیج دیے ہیں جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت خطے میں بڑے انسانی قتل عام کی تیاریاں کررہا ہے اور مقبوضہ کشمیر کی آبادیاتی، جغرافیائی اور مذہبی صورتحال یکسر تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ اس سے مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی حیثیت ختم ہوجائے گی اور وہاں غیر مسلموں اور غیر کشمیریوں کو اکثریتی آبادیوں میں تبدیل کردیا جائیگا۔
فرانس میں پیرس کے مشہور آئفل ٹاور پر بھارت کیخلاف مظاہرہ کیا۔ پیرس میں بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔فرانس کی پاکستانی و کشمیری برادری نے پیرس کے مشہور آئفل ٹاور پر بھارت کیخلاف مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف پرزور احتجاج کیا۔ترکی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منایا گیا۔انقرہ میں پاکستانی سفارت خانے میں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے شمعیں روشن کی گئیں اور قرآن خوانی کی گئی۔انقرہ میں پاکستانی سفیر محمد سائرس نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، 11 دنوں سے کرفیو نافذ ہے،ہم ترک حکومت اور عوام کے کشمیری بھائیوں کا ساتھ دینے پر شکرگزار ہیں۔
جنیوا ، ڈنمارک اوربرلن اورفرینکفرٹ انڈین سفارتخانوں کے سامنے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منایا گیا۔ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کئے گئے ان مظاہروں میں سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت سیکڑوں خواتین و مرد اور بچوں نے شرکت کی۔