کشمیر میں ہر دروازے پر بھارتی فوجی کھڑا ہے،عالمی برادری مودی کے پاگل پن کا نوٹس لے،سراج الحق

کشمیر میں ہر دروازے پر بھارتی فوجی کھڑا ہے،عالمی برادری مودی کے پاگل پن کا ...

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور مودی کی جنونیت کی وجہ سے پورا خطہ آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آسکتا ہے۔ عالمی برادری مودی کے پاگل پن کا نوٹس لے۔ خطے میں پائیدار امن کی چابی مسئلہ کشمیر کا کشمیری قوم کی امنگوں کے مطابق حل ہے۔ مسئلہ کشمیرپر مذاکرات کا تیسرااور اہم ترین فریق کشمیری ہیں۔کشمیریوں کو اعتماد میں لئے بغیر مسئلہ کشمیرکا کوئی حل قابل قبول نہیں۔ آج دنیا بھر میں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جارہا ہے۔فراڈ اور اقلیتوں کیلئے عذاب بھارتی جمہوریت کا نقاب اتر چکا ہے۔امن پسند قوموں کو مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور زندگی کے آخری لمحہ تک ساتھ رہے گی۔حکومت سلامتی کونسل کے اجلاس میں پوری تیار ی کے ساتھ جائے۔ حکومت کی ذرا سی نااہلی اور غفلت ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضہ کی وجہ سے جنوبی ایشیا کا پورا ریجن بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے۔بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر سات دہائیوں سے حل نہیں ہوسکا۔انتہا پسند مودی کی حکومت پورے خطے کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔ بھارت میں سب سے بڑی مسلم اقلیت کو جینے کے حق سے محروم کردیا گیا ہے۔سکھوں اور عیسائیوں کے خلاف آرایس ایس کی غنڈہ گردی کو پولیس اور فوج سمیت ریاستی اداروں کی سرپرستی حاصل ہے۔

سراج الحق    

مزید : صفحہ آخر